|
امریکی الیکشن سے قبل نائب صدر کاملا ہیرس اور سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ مختلف ریاستوں میں ریلیوں سے خطاب کرتے ہوئے معاشرے میں خواتین سے سلوک کے مسئلے پر نوک جھونک کر رہے ہیں۔
پانچ نومبر کے الیکشن میں دونوں امیدوار جمعرات کو امریکہ کی جنوب مغربی کانٹے کے مقابلے کی ریاستوں ایریزونا اور نیواڈا میں ووٹروں سے خطاب کر رہے تھے۔
عوامی جائزوں کے مطابق ڈیموکریٹک امیدوار ہیرس اور ان کے ری پبلیکن مد مقابل ٹرمپ ان دو ریاستوں میں قریبی مقابلے میں برابر جار رہے ہیں۔
ایریزونا اور نیواڈا ان سات ریاستوں میں شامل ہیں جو کہ منگل کو ہونے والے صدارتی انتخاب کے نتیجے پر بہت اثرا انداز ہوں گی۔
امریکہ کی پچاس میں سے باقی 43 ریاستوں میں دونوں امیدواروں کو ایک دوسرے پر واضح سبقت حاصل ہے۔
SEE ALSO: صدارتی الیکشن میں ایک دن باقی؛ ٹرمپ اور کاملا نے ایک دوسرے کو 'ناموزوں' قرار دے دیاایریزونا اور نیواڈا میں لاطینی امریکہ سے تعلق رکھنے والے ووٹرز کی حمایت دونوں امیدواروں کے لیے ضروری ہے۔
سال 2016 کے الیکشن میں ٹرمپ نے ایریزونا میں کامیابی حاصل کی تھی جبکہ سال 2020 کے انتخابات میں انہیں اس ریاست میں جو بائیڈن کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔
دوسری طرف نیواڈا میں ڈیموکریٹکس نے دونوں انتخابات میں کامیابی حاصل کی۔
ایریزونا میں سرحد پار میکسیکو سے آئے تارکین وطن اس سال کی سیاسی بحث میں توجہ کا مرکز ہیں۔
ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ غیر قانونی طور پر آنے والے تارکین وطن کو روکنے کے لیے اس دیوار پر کام مکمل کرلیں گے جس پر ان کے 2017 سے2020 کے دور صدارت میں کام شروع ہوا تھا۔
Your browser doesn’t support HTML5
ٹرمپ نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ اقتدار میں آنے کے بعد امریکہ میں بغیر دستاویز کے رہنے والے تارکین وطن کو ڈی پورٹ کردیں گے۔
انہوں نے ہیرس پر الزام لگایا ہے کہ وہ میکسیکو کی سرحد سے آنے والے مہاجرین کے بہاؤ کو روکنے کے معاملے پر کمزور ثابت ہوئی ہیں۔
ہیرس نے کہا ہے کہ وہ ایسی قانون سازی کی حمایت کریں گی جو امریکہ میں پناہ لینے کے قوانین کو سخت بنائے گی تاکہ امریکہ میں مختلف سرحدی راستوں سے غیر قانونی طور پر داخل ہونے والے ہزاروں مہاجرین کو آنے سے روکا جا سکے۔
وہ سینیٹ میں دونوں پارٹیوں کے حمایت یافتہ اس امیگریشن بل کی حمایت کرتی ہیں جسے ٹرمپ نے ریپلیکن سینیٹرز سے ختم کرنے کو کہا تھا۔
پاپ اسٹار جینیفر لوپیز نے لاس ویگیس میں کاملا ہیرس کی ریلی میں شرکت کی۔
ٹرمپ نے ایریزونا میں فوکس نیوز کے سابق میزبان ٹکر کارلسن کو انٹرویودیا اور نیواڈا میں ایک ریلی سے خطاب کیا۔
Your browser doesn’t support HTML5
اب تک ہیرس اور ٹرمپ دونوں نے ایک ہی بار روبرو ایک دوسرے کا سامنا کیا ہے لیکن وہ ہر روز الیکشن مہم کی ریلیوں سے ایک دوسرے کے خلاف تندو تیز بیانات دیتے ہیں اور اشتہارات چلاتے ہیں۔
ان کے درمیان تازہ ترین موضوع بحث خواتین کے ساتھ سلو ک ہے۔
وسط مغربی ریاست وسکانسن میں ایک اجتماع سے خطات کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ "وہ خواتین کو تحفظ دیں گے، چاہے وہ اسے پسند کریں یا نہ کریں۔"
انہوں نے یہ بیان ایک معمر مرد کی حیثیت سے دیا۔ لیکن ان کے اس بیان نے ان کے نقادوں کو ٹرمپ کے ماضی کے خواتین مخالف بیانا ت کی یاد دلادی اور یہ کہ عدالت نے ٹرمپ کو 1990 کی دہائی سے ایک مصنفہ کے خلاف جنسی زیادتی کے مقدمے میں ذمہ دار ڈھہرایا ہے۔
اپنے حمایتیوں سے خطاب میں ٹرمپ نے کہا کہ ان کے مشیروں نے ان کو مشورہ دیا ہے کہ وہ خواتین کے تحفظ کی بات کرنا چھوڑ دیں، کیونکہ خواتین اسے نامناسب سمجھتی ہیں۔
Your browser doesn’t support HTML5
تاہم، انہوں نے کہا خواتین اسے پسند کریں یا نہ کریں وہ ایسا کریں گے اور وہ ان کو تحفظ دیں گے۔
عوامی جائزے ظاہر کرتے ہیں کہ ہیرس کو خواتین ووٹرز کی واضح طور پر زیادہ حمایت حاصل ہے جبکہ ٹرمپ کو مردوں کی زیادہ حمایت حاصل ہے۔
کاملا ہیرس نے ٹرمپ کے خواتین کے بارے میں ریمارکس پر ایکس پلیٹ فارم پر لکھا،"ڈونلڈ ٹرمپ سمجھتے ہیں کہ انہیں آپ کے جسم کے بارے میں فیصلے کرنے چاہییں، چاہے آپ اس کو پسند کریں یا نہ کریں۔"
انہوں نے کہا کہ ٹرمپ کے خواتین کے بارے میں خیالات ظاہر کرتے ہیں کہ انہیں خواتین کے حقوق اور ان کی اپنی زندگیوں کے بارے میں فیصلہ کرنے کی اہلیت کے بارے میں فہم نہیں ہے۔