حمزہ علی عباسی شوبز سے کنارہ کش، تبلیغِ اسلام کا اعلان

(فائل فوٹو)

پاکستانی ڈرامہ اور فلم انڈسٹری سے وابستہ اداکار حمزہ علی عباسی نے اداکاری سے کچھ عرصے کے لیے کنارہ کشی اختیار کرتے ہوئے دین اسلام کی تبلیغ کا اعلان کیا ہے۔

حمزہ علی عباسی نے جمعرات کو اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ وہ اداکاری مکمل طور پر تو نہیں چھوڑ رہے، البتہ کچھ عرصے کے لیے شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کر رہے ہیں۔

حمزہ کا کہنا تھا کہ وہ گزشتہ کئی برسوں سے زندگی کی حقیقت جاننے کی کوشش کر رہے تھے اور اب وہ اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ تمام کامیابیوں کے باوجود آخر کار موت کو گلے لگانا ہے اور اس کے بعد اللہ کے سامنے پیش ہو کر جواب دینا ہے۔

اُن کے بقول، وہ اب اپنی زندگی میں لوگوں تک اللہ کا پیغام پہنچائیں گے اور ان موضوعات پر گفتگو کریں گے جو اسلام میں 'ٹیبو' بن چکے ہیں جن پر بات نہیں کی جا سکتی۔ چاہے اس کے لیے اُن کی جان ہی کیوں نہ چلی جائے۔

انہوں نے واضح کیا کہ لوگوں نے انہیں بہت محبت دی ہے اور ان کے اس اعلان کا مقصد شہرت کا حصول یا انتخابی سیاست میں آنا ہر گز نہیں ہے۔

یاد رہے کہ حمزہ علی عباسی حکمراں جماعت تحریک انصاف کے حامیوں میں سے ہیں اور وہ پارٹی کے جلسوں میں بھی شرکت کرتے رہے ہیں۔

اپنے ویڈیو بیان میں حمزہ علی عباسی نے کہا کہ وہ کچھ عرصے بعد صرف انہی ڈراموں اور فلموں میں کام کریں گے جس میں اللہ کا پیغام ہوگا۔

حال ہی میں گلوکارہ رابی پیرزادہ نے متنازع ویڈیو سامنے آنے کے بعد شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کرنے کا اعلان کیا تھا۔

جمعرات کو جاری کردہ اپنے ویڈیو بیان میں حمزہ علی عباسی نے کہا کہ انسانوں کی زندگی میں بہت سی غلطیاں ہوتی ہیں اور ان سے بھی غلطیاں ہوئی ہوں گی جس پر وہ معافی کے طلب گار ہیں۔

حمزہ علی عباسی نے کہا کہ انہوں نے اپنے مذکورہ فیصلے سے قبل اپنی اصلاح کی ہے جس کے بعد فیصلہ کیا کہ وہ لوگوں کو اللہ کا پیغام پہنچائیں گے تاکہ بروز قیامت اللہ کو جواب دے سکیں۔

واضح رہے کہ حمزہ علی عباسی نے پاکستان ڈرامہ انڈسٹری میں 2012 میں ریلیز ہونے والا ڈرامہ 'میرے درد کو جو زباں ملی' سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا اور اُنہیں اصل مقبولیت مشہور ڈرامے 'پیارے افضل' سے ملی۔

اس کے علاوہ انہوں نے ڈرامہ من مائل میں بھی جاندار اداکاری کی جب کہ پانچ اکتوبر کو ریلیز ہونے والے ڈرامے 'الف' میں بھی وہ اداکاری کے جوہر دکھا رہے ہیں۔

حمزہ علی عباسی پاکستان فلم انڈسٹری کو وار، میں ہوں شاہد آفریدی اور جوانی پھر نہیں آنی جیسی فلمیں دے چکے ہیں۔