فلوریڈا: ویڈیو گیم ٹورنامنٹ کے دوران فائرنگ، دو افراد ہلاک

جیکس وِل میں پولیس اہلکاروں نے اس تجارتی مرکز کی جانب جانے والی سڑک بند کر رکھی ہے جہاں فائرنگ ہوئی۔

پولیس شیرف کے بقول ملزم ٹورنامنٹ میں حصہ لینے کے لیے ہی جیکسن وِل آیا تھا اوراس نے فائرنگ کے بعد خود کو بھی گولی مار کر خود کشی کرلی۔

امریکہ کی ریاست فلوریڈا میں اتوار کو ویڈیو گیمنگ کے ایک ٹورنامنٹ کے دوران ایک گیمر کی فائرنگ سے دو افراد ہلاک اور کئی زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق واقعہ ریاست فلوریڈا کے شہر جیکسن وِل کے ایک ریستوران میں پیش آیا جہاں جاری ویڈیو گیمنگ ٹورنامنٹ کو انٹرنیٹ پر براہِ راست نشر کیا جارہا تھا۔

جیکسن وِل پولیس کے سربراہ مائیک ولیمز نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ حملہ آور کی شناخت 24 سالہ ڈیوڈ کیٹز کے نام سے ہوئی ہے جس کا تعلق بالٹی مور شہر سے ہے۔

پولیس شیرف کے بقول ملزم ٹورنامنٹ میں حصہ لینے کے لیے ہی جیکسن وِل آیا تھا اوراس نے فائرنگ کے بعد خود کو بھی گولی مار کر خود کشی کرلی۔

مائیک ولیمز کے مطابق ملزم کی لاش اس کی فائرنگ سے مرنے والے دونوں افراد کی لاشوں کے قریب سے ہی ملی۔

حکام کے مطابق فائرنگ سے کم از کم 11 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں سے دو ایسے ہیں جو ریستوران سے نکلنے کی کوشش کے دوران گولیاں لگنے سے زخمی ہوئے۔

شیرف آفس نے تاحال اس بارے میں کچھ نہیں بتایا کہ ملزم نے فائرنگ کیوں کی۔ فلوریڈا میں دو سال کے دوران کسی عوامی مقام پر فائرنگ کا یہ تیسرا بڑا واقعہ ہے۔

اس سے قبل رواں سال فروری میں فلوریڈا کے قصبے پارک لینڈ کے ایک ہائی اسکول میں فائرنگ سے طلبہ اور اساتذہ سمیت 17 افراد مارے گئے تھے۔

پولیس اہلکار کشتیوں میں اس ریستوران کے سامنے گشت کر رہے ہیں جہاں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔

اس واقعے کے بعد سے امریکہ بھر میں عوامی مقامات پر فائرنگ کے واقعات کی روک تھام کے لیے آتشیں اسلحے پر پابندی لگانے کی مہم زور پکڑ گئی ہے۔

مقامی ذرائع ابلاغ نے دعویٰ کیا ہے کہ اتوار کی دوپہر ہونے والی فائرنگ کا ملزم اپنا گیم ہار گیا تھا جس کے بعد اس نے دیگر کھلاڑیوں پر فائرنگ کی۔

حکام کا کہنا ہے کہ پولیس نے بالٹی مور میں واقع ملزم کے گھر پر چھاپہ مارا ہے اور وفاقی تحقیقاتی ادارے 'ایف بی آئی' کے اہلکار بھی واقعے کی تفتیش میں معاونت کر رہے ہیں۔