ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کے لیے یونان کے کفایت شعاری کے نئے اقدامات کے خلاف ایتھنز کے وسطی علاقے میں بہت بڑے احتجاجی مظاہروں کے دوارن تین افراد بھڑکتی ہوئى آگ میں جل کر ہلاک ہوگئے۔
حکام نے کہا ہے کہ تینوں افراد ایک ایسے بینک کی جلتی ہوئى عمارت میں ہلاک ہوئے جسے بظاہر مظاہرین نے آگ لگائى تھی۔
وسطی ایتھنز کے طول و عرض میں بدھ کے روز بے ہوش کردینے والے دستی بموں اور آنسو گیس سے مسلح بلوہ پولیس اور بجٹ میں عنقریب کی جانے والی کٹوتیوں پر برہم پتھراؤ کرنے والے احتجاجی مظاہرین کے درمیان گلی گلی میں جھڑپیں ہوتی رہیں۔
ٹیلی ویژن پر نشر کیے جانے والے مناظر میں پولیس کو ایسے لگ بھگ 50 مظاہرین کو روکنے کے لیے آنسو گیس استعمال کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے، جو پارلیمنٹ میں گُھسنے کی کوشش کررہے ہیں۔جنوبی شہر سالونیکا میں بھی تشدّد پھوٹ پڑا۔
وزیرِ اعظم جارج پپاندریو نے منگل کے روز پارلیمنٹ میں کفایت شعاری کے اقدامات کا وہ بِل پیش کردیا تھا، جس میں قومی اخراجات کے بجٹ میں 40 ڈالر کی کٹوتیاں شامل ہیں۔
اس بِل پر ووٹنگ اسی ہفتے متوقع ہے ۔ اسی دوران یورپی یونین اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ ، یونان کے لیے 145 ارب ڈالر کے اُس امدادی قرض کی تیاری کررہے ہیں، جس کا مقصد یونان کو 19 مئى کوواجب الادا ایک اہم قرض کے معاملے میں نادہندگی سے بچانا ہے۔