'تھینکس گیونگ' پر فلموں کا ریکارڈ بزنس، 'فروزن-ٹو' سب سے آگے  

ٖ

شمالی امریکہ میں 'تھینکس گیونگ ڈے' پر ریلیز ہونے والی فلم 'فروزن-ٹو' نے سب سے زیادہ آٹھ کروڑ 52 لاکھ ڈالر کا بزنس کرکے باقی فلموں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

تھینکس گیونگ ڈے اور ویک اینڈ چونکہ دونوں قریب قریب تھے لہذا یہ موقع فلموں کے حوالے سے کامیاب ثابت ہوا۔

برطانوی خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق 'فروزن-ٹو' نے ویک اینڈ کے دو روز کے علاوہ ہفتے کے پانچ دن میں 12 کروڑ 37 لاکھ ڈالرز کا بزنس کیا جبکہ دو ویک اینڈز کے بعد اس کی مجموعی آمدنی 30 کروڑ ڈالرز ہوگئی۔

فروزن-ٹو نے شمالی امریکہ میں 2013 کے تھینکس گیونگ ڈے کے موقع پر ریلیز ہونے والی فلم 'دی ہنگر گیم: کیچنگ فائر' کا ایک ہفتے کے دوران تقریباً 10 کروڑ 90 لاکھ ڈالرز کمانے کا ریکارڈ بھی توڑ دیا ہے۔

باکس آفس پر اس ہفتے زیادہ بزنس کرنے والی دوسری فلم ریان جانسن کی ہدایات میں بنی فلم 'نائف آؤٹ' رہی۔ جس نے ویک اینڈ پر دو کروڑ 70 لاکھ ڈالرز کا بزنس کیا جب کہ ہفتے کے پانچ دنوں میں فلم نے چار کروڑ 17 لاکھ ڈالرز کا بزنس کیا تھا۔

ہفتے کے آخر میں ڈینیل کریگ، جیمی لی کرٹس اور کرس ایوان کی اداکاری سے سجی اس فلم کے بارے میں توقع کی جا رہی تھی کہ وہ ریلیز کے پہلے پانچ دن میں دو سے ڈھائی کروڑ ڈالرز کا بزنس کرنے میں کامیاب ہو جائے گی۔ فلم پر چار کروڑ ڈالرز لاگت آئی ہے۔

نئی ریلیزکے ساتھ ہی یونیورسل اور میکریڈی کی فلم 'کوئین اینڈ سلم' نے ویک اینڈ پر ایک کروڑ 17 لاکھ ڈالرز کا بزنس کیا جس کے بعد ہفتے بھر میں وہ ایک کروڑ 58 لاکھ ڈالرز کمانے میں کامیاب رہی۔

ڈزنی فاکس کی فلم 'فورڈ ورسز فراری' اور سونی فلمز کی 'اے بیوٹی فل ڈے ان نیبرہڈ' نے ویک اینڈ پر ایک کروڑ 30 لاکھ ڈالرز اور ہفتے بھر میں ایک کروڑ 90 لاکھ ڈالرز کمائے۔