دفاعی چیمپئن فرانس اور سابق چیمپئن انگلینڈ کی ٹیموں نے قطر میں جاری فیفا ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی ہے۔ فرانس نے راؤنڈ آف سکسٹین کے میچ میں پولینڈ کوتین ایک جب کہ انگلینڈ نے سینیگال کو تین صفر سے ہرایا۔
اتوار کو کھیلے گئے پہلے پری کوارٹر فائنل میچ میں متعدد ریکارڈز بھی بنے۔ ان تمام ریکارڈز میں نوجوان کھلاڑی کیلین ایمباپے قابلِ ذکر ہیں۔ پہلے ان کے پاس پر ساتھی کھلاڑی الیویہ ژیرو نے ریکارڈ ساز گول کیا پھر خود ایمباپے نے یکے بعد دیگرےدو گول کر کے ٹیم کو بڑی کامیابی دلائی۔
میچ کے 44ویں منٹ میں پہلا گول اسکور کرتے ہی ژیرو فرانس کی جانب سے سب سے زیادہ گول اسکور کرنے والے کھلاڑی بن گئے۔ اپنے کریئر کا 52واں گول اسکور کرکے انہوں نے تھیئری آنری کو پیچھے چھوڑ دیا جنہوں نے فرانس کی جانب سے اپنے کریئر میں 51 گول اسکور کیے تھے۔
میچ کے 74ویں منٹ میں جب فرانس کے ایمپابے نے دوسرا گول اسکور کیا تو انہوں نے برازیل کے پیلے کا چھ دہائیوں سےقائم ریکارڈ توڑ دیا۔ اس سے قبل پیلے وہ واحد کھلاڑی تھے جنہوں نے 23 برس کی عمر میں ورلڈ کپ میں سات گول اسکور کیے تھے۔ 23 سالہ ایمباپے کے آٹھویں گول نے پیلے کو اس ریکارڈ سے محروم کردیا۔
کیلین ایمپابے اس میچ میں اپنا تیسرا گول اسکور کرکے ایڈیشن کے سب سے کامیاب گول اسکورر بن گئے ۔فرینچ اسٹرائیکر نے ایونٹ میں اب تک پانچ اور مجموعی طور پر ورلڈ کپ مقابلوں میں نو گول اسکور کیے ہیں جس کے لیے انہیں صرف 11 میچ کھیلنا پڑے۔
اپنے دوسرے گول کے ساتھ ہی کیلین ایمباپے نے گولڈن بوٹ ریس میں سب کو پیچھے چھوڑ دیا۔ یہ ایوارڈ ہر میگا ایونٹ میں اس کھلاڑی کو دیا جاتا ہے جس نے سب سے زیادہ گول اسکور کیے ہوتے ہیں۔
فرانس کی پیش قدمی نے ایمباپے کو اس ایوارڈ کے لیے اب فیورٹ بنادیا ہے کیوں میگا ایونٹ کے اس ایڈیشن میں کسی اور کھلاڑی نے تین سے زیادہ گول اسکور نہیں کیے۔
اس وقت کیلین ایمپابے نو گول کے ساتھ ارجنٹائن کے لیونل میسی کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ورلڈ کپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ گول کا ریکارڈ تو اب بھی جرمنی کے میروسلاو کلوزے کے پاس ہے جنہوں نے 24 میچوں میں 16 گول اسکور کیے۔
پولینڈ کی ٹیم نے میچ کے اختتامی لمحات میں پنلٹی کک پر گول اسکور کرکے دونوں ٹیموں کے گولز کے فرق کو تو کم کیا لیکن رابرٹ لیوانڈوسکی کی ٹیم کا سفر دوسرے راؤنڈ تک ہی محدود رہا۔
انگلش کپتان ہیری کین کا ایونٹ میں پہلا گول
فیفا ورلڈ کپ میں جہاں فرانس اور پولینڈ کے میچ میں بڑی تعداد میں ریکارڈز بنائے گئے وہیں انگلش کپتان ہیری کین نے بھی ایونٹ میں اپنا پہلا گول اسکور کیا۔ انہوں نے اتوار کو کھیلے گئے دوسرے کوارٹر فائنل میں سینیگال کے خلاف میچ میں گول کیا، جس میں انگلینڈ نے تین صفر سے کامیابی حاصل کی ہے۔
میچ کے آغاز میں دونوں ہی ٹیموں نے ایک دوسرے کے خلاف گول اسکور کیے لیکن 38ویں منٹ میں جیسے ہی جورڈن اینڈرسن نے انگلینڈ کی جانب سے پہلا گول اسکور کیا اس کے بعد سے افریقی ٹیم شدید دباؤ میں آ گئی۔
SEE ALSO: ناک آؤٹ مرحلے میں گول، میسی نے میرا ڈونا کو بھی پیچھے چھوڑ دیاپہلے ہاف کے اضافی وقت میں انگلش کپتان ہیری کین نے ساتھی کھلاڑیوں کے پاس پر شاندار گول کرکے اس برتری کو دگنا کردیا۔ یہ گزشتہ ورلڈ کپ کے گولڈن بوٹ ونر کا اس ایڈیشن میں پہلا گول تھا۔
انگلینڈ کی جانب سے تیسرا اور آخری گول بوکایو ساکا نے 57ویں منٹ میں اسکورکیا، جس کے بعد ٹیم اگلے مرحلے میں باآسانی پہنچ گئی جہاں 11 دسمبر کو اس کا مقابلہ فرانس سے ہوگا۔
میگا ایونٹ میں آج دو کوارٹر فائنل ہوں گے
فیفا ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں نیدرلینڈز اور ارجنٹائن کے بعد اب فرانس اور انگلینڈ کی ٹیمیں بھی پہنچ گئی ہیں جب کہ باقی چار کوارٹر فائنلسٹ کا فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے۔
پیر کو پاکستانی وقت کے مطابق رات آٹھ بجے جاپان کا مقابلہ کروشیا سے جب کہ پیر اور منگل کی درمیانی شب جنوبی کوریا کا مقابلہ برازیل سے ہوگا۔جو بھی ٹیم ان میچز میں کامیابی حاصل کرے گی وہ کوارٹر فائنل راؤنڈ میں جگہ بنائے گی۔
امکان ہے کہ برازیل کے اسٹار کھلاڑی نیمار جو آخری دو گروپ میچوں میں انجری کی وجہ سے شرکت نہیں کرسکے تھے، ان کی اس اہم میچ میں واپسی ہوگی جس سے پانچ مرتبہ ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کو فائدہ ہوگا۔
منگل کو پری کوارٹر فائنل مرحلے کے آخری دو میچ ہوں گے جس کے بعد کوارٹر فائنل لائن اپ مکمل ہوجائے گا۔ اس روز کھیلے جانے والے پہلے پری کوارٹر فائنل میں ایونٹ میں رہ جانے والی واحد افریقی ٹیم مراکش کا مقابلہ سابق عالمی چیمپئن اسپین سے ہوگا جب کہ منگل اور بدھ کی درمیانی رات پرتگال اور سوئٹزرلینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا ۔