رسائی کے لنکس

بنگلہ دیش کی بھارت کو ایک وکٹ سے اپ سیٹ شکست، سیریز میں ایک صفر کی برتری


بھارت کی ٹیم 42ویں اوور میں 186 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی جب کہ بنگلہ دیش نے 9وکٹوں پر 46 اوورز میں 187 رنز کا ہدف حاصل کیا۔
بھارت کی ٹیم 42ویں اوور میں 186 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی جب کہ بنگلہ دیش نے 9وکٹوں پر 46 اوورز میں 187 رنز کا ہدف حاصل کیا۔

بھارت کے کپتان روہت شرما کی قیادت میں ٹیم کو ایک کے بعد ایک شکست کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں جس ٹیم کو انگلینڈ نے 10 وکٹ سے مات دی تھی، اسے اب بنگلہ دیش کے ہاتھوں ون ڈے میں ایک وکٹ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

بنگلہ دیش میں میرپور میں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیشی کپتان لٹن داس نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو بھارت کی ٹیم ایک بڑا اسکور کرنے کے لیے میدان میں اتری لیکن ایسا نہ ہو سکا اور سوائے نائب کپتان کے ایل راہل کے کوئی بھی بلے باز 50 کا ہندسہ عبور نہ کرسکا۔

راہل جو اس میچ میں بطور وکٹ کیپر کھیلے اور جنہیں بیٹنگ کے لیے پانچویں نمبر پر بھیجا گیا، انہوں نے 70 گیندوں پر پانچ چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 73 رنز اسکور کیے۔

دوسری طرف سے نہ روہت شرما رنز کر سکے اور نہ ہی وراٹ کوہلی کا بیٹ چلا۔ بھارت کی پوری ٹیم 42ویں اوور کی دوسری گیند پر 186 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

بنگلہ دیش کی جانب سے شکیب الحسن نے 36رنز کے عوض پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ عبادت حسین نے 47 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں میزبان ٹیم کا آغاز بھی اچھا نہ تھا اور دوسری ہی گیند پر نجم الحسن شنٹو بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔

ایسے میں کپتان لٹن داس نے ایک اینڈ سنبھالے رکھا اور یکے بعد دیگرے وکٹیں گرنے کے باوجود 63 گیندوں پر 41 رنز کی اننگز کھیلی۔

مہدی حسن مرزا نے بنگلہ دیش کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا اور 39 گیندوں پر 38 رنز بنائے جن میں دو چھکے اور چار چوکے شامل تھے۔
مہدی حسن مرزا نے بنگلہ دیش کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا اور 39 گیندوں پر 38 رنز بنائے جن میں دو چھکے اور چار چوکے شامل تھے۔

ایک ایسی اننگز میں جہاں نہ شکیب الحسن چلے، نہ مشفق الرحیم اور نہ ہی محموداللہ، مہدی حسن نے ذمہ داری سے کھیلتے ہوئے رنز بنانے کے سلسلے کو جاری رکھا اور مستفیض الرحمان کے ساتھ آخری وکٹ پر 51 رنز جوڑے۔

جس وقت یہ دونوں وکٹ پر اکٹھا ہوئے تھے، بنگلہ دیش کا اسکور نو وکٹ پر 136 رنز تھا لیکن بھارت کے بالرز کی مایوس کن پرفارمنس اور روہت شرما کی کپتانی نے بنگلہ دیش کے بیٹرز کو آزادانہ رنز بنانے کا موقع دیا۔

بنگلہ دیشی بلے بازوں نے ہدف 46ویں اوور میں حاصل کرکے سیریز میں ایک صفر کی برتری بھی حاصل کر لی اور بھارت کو ایک اور شکست سے دو چار کیا ہے۔

بھارت کی جانب سے محمد سراج تین وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بالر رہے۔ کلدیپ سین اور واشنگٹن سندرنے بھی دو دو وکٹیں حاصل کیں لیکن بنگلہ دیش کی آخری وکٹ کوئی بالر حاصل نہ کرسکا۔

یہ بنگلہ دیش کی بھارت کے خلاف مجموعی طور پر 37 ون ڈے میچز میں چھٹی اور جون 2015 کے بعد پہلی کامیابی ہے۔

جون 2015 میں بھی بھارت کی ٹیم میں روہت شرما، شیکھر دھاون، وراٹ کوہلی شامل تھے۔

  • 16x9 Image

    عمیر علوی

    عمیر علوی 1998 سے شوبز اور اسپورٹس صحافت سے وابستہ ہیں۔ پاکستان کے نامور انگریزی اخبارات اور جرائد میں فلم، ٹی وی ڈراموں اور کتابوں پر ان کے تبصرے شائع ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ متعدد نام وَر ہالی وڈ، بالی وڈ اور پاکستانی اداکاروں کے انٹرویوز بھی کر چکے ہیں۔ عمیر علوی انڈین اور پاکستانی فلم میوزک کے دل دادہ ہیں اور مختلف موضوعات پر کتابیں جمع کرنا ان کا شوق ہے۔

XS
SM
MD
LG