فرانس اولمپکس: سیکیورٹی کے لیے مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی کا استعمال زیر غور

خواتین اولمپک سائکلینگ، فائل فوٹو

قطر ورلڈ کپ کا ہنگامہ ختم ہوا تو اب توجہ فرانس میں 2024کے اولمپکس کی جانب ہو گئی ہے۔ اور اولمپکس ہوں یا معمول کے مقابلے، کھیلوں کے تمام ایونٹس میں رونق اور گہما گہمی شائقین کی وجہ سے ہوتی ہے۔ مگر شائقین کا ہجوم کنٹرول کرنا بھی ضروری ہے۔

جمعرات کے روز خبر رساں ایجنسی اے ایف پی نے ایک قانونی مسودے کے حوالے سے بتایا ہے کہ فرانس کے حکام یہ منصوبہ بنا رہے ہیں کہ 2024 کے فرانس اولمپکس کے موقع پر ہجوم کو کنٹرول کرنے کے لیے اے آئی یعنی آرٹیفیشل انٹیلی جنس کا استعمال کیا جائے اور ایک ایسا نظام وضع کیا جائے جو ہجوم پر نظر رکھ سکے۔

اس قانونی بل میں کہا گیا ہے کہ اس نظام کے ذریعےسیکیورٹی سروسز کو کسی بھی قسم کی گڑبڑ یا کسی بھی ممکنہ مسئلے سے آسانی کے ساتھ نمٹنے میں مدد دی جاسکے گی۔ تاہم اس میں چہرے کی شناخت کی ٹیکنالوجی کا استعمال نہیں کیا جائے گا۔

اس ٹیکنالوجی کا استعمال اولمپکس کی ایسی تقریبات میں سود مند ہو سکتا ہے جن میں فرانس کے خوبصورت دریائے سین کے کنارے کھلے میں کسی تقریب میں چھ لاکھ کا مجمع ہو اور اولمپئین کشتیوں میں دریا میں سامنے سے گزریں۔

SEE ALSO: پیرس اولمپکس: سرخ مسکاٹ اور مخروطی ٹوپی پر تنازع کیوں ؟

مئی کے مہینے میں چمپئن لیگ کے فائنل فٹ بال میچ کے بعد جو افراتفری مچی اور جیسے ہجوم میں تماشائی پھنس کر رہ گئے اور آنسو گیس کا استعمال کیا گیا اس پر فرانس کی پولیس اور کھیل کے حکام کو بہت تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

جمعرات کو جس قانون کا مسودہ کابینہ میں پیش کیا گیا اس میں سیکیورٹی کے ایسے اقدامات تجویز کیے گئے ہیں جن میں فل باڈی سکینرز کا استعمال اور بد امنی پھیلانے والوں کی سزاؤں میں اضافے کی تجاویز شامل ہیں۔

منتظمین اور وزیرِ داخلہ جہالڈ ڈرمنان دونوں نے اس کی حمایت کی ہے کہ’ انٹیلیجنٹ‘ نامی سیکیورٹی کیمرہ سافٹ وئیر استعمال کیا جائے جس کے ذریعے مشتبہ اور خطرناک طرزِ عمل کو سکین کرنا ممکن ہے۔

SEE ALSO: ونٹر اولمپکس: بیجنگ میں آسمان کا رنگ بدلا بدلا سا کیوں ہے؟

اس مسودہ قانون میں کہا گیا ہے کہ اولمپکس کے دوران ایسے کسی سسٹم کا استعمال ایک تجربہ ہوگا لیکن مسقبل میں اسے ایسے پبلک ایونٹس میں استعمال کیا جا سکے گا جہاں دہشت گردی یا ہجوم کو کنٹرول کرنے کا خطرہ ہو۔

اس بل میں یہ واضح کر دیا گیا ہے کہ نہ تو کسی بائیومیٹرک ڈیٹا کا استعمال کیا جائے گا نہ ہی چہرے پہچاننے کی ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی اور نہ ہی نجی معلومات کی کوئی دوسری صورت ہی استعمال میں لائی جائے گی۔

کھیلوں کی انتظامی کمیٹی نے نومبر میں کہا تھا کہ افراطِ زر کے باعث اسے اپنا بجٹ 3.98 ارب یورو سے بڑھا کر 4.48 ارب یورو کرنا پڑے گا۔

Your browser doesn’t support HTML5

2020 اولمپکس کے کشتی رانی مقابلوں کی تیاریاں

فرانس کے ان اولمپکس کا افتتاح بھی کسی روایتی سٹیڈیم کے بجائے منتظمین کے مطابق 26 جولائی 2024 کو دریائے سین میں لگ بھگ 200 کشتیوں کے خوبصورت مظاہرے سے ہوگا۔

دریا کے کنارے ایک لاکھ لوگوں کے سمانے کی گنجائیش ہے جنہیں ٹکٹ خریدنا ہوں گے جب کہ حکومت کا اندازہ ہے کہ مزید 5 لاکھ لوگ سڑک سے اس تقریب کا نظارہ کر سکیں گے۔

توقع کے مطابق مسودہ قانون پر جنوری میں پارلیمنٹ میں بحث ہو گی جہاں صدر ایمینوئیل میخواں کی اقلیتی حکومت کو اسے منظور کروانے کے لیے اپوزیشن کی حمایت کی ضرورت ہو گی۔

( اس رپورٹ کے لیے معلومات اے ایف پی سے لی گئی ہیں)