میراح کی الجیریا میں تدفین کی درخواست مسترد

فرانس کے شہر تولوز میں ایک مسلم رہنما نے بتایا ہے کہ سات افراد کے مبینہ قاتل کی اس کے آبائی ملک الجیریا میں تدفین کی اجازت نہیں مل سکی ہے۔

امریکی خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ نے عبداللہ ذکری کے حوالے سے کہا ہے کہ الجیریا نے ’’امن عامہ‘‘ کی وجہ سے 23 سالہ محمد میراح کی ملک میں تدفین کی اجازت نہیں دی۔

ذکری کا کہنا تھا کہ میراح کے اہل خانہ نے انھیں تولوز کے مسلم علاقے کے قبرستان میں تدفین کا انتظام کرنے کا کہا ہے۔

میراح گزشتہ ہفتے اپنے گھر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 32 گھنٹے کے محاصرے کے بعد پولیس کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا تھا۔ مرنے سے قبل میراح نے اعتراف کیا تھا کہ اس نے تین فوجیوں اور یہودی اسکول کے باہر دو بچوں اور ایک استاد کو ہلاک کیا تھا۔