فلم 'گل مکئی' جمعے کو ریلیز کی جائے گی

نوبیل انعام یافتہ پاکستانی طالبہ ملالہ یوسف زئی کی زندگی پر بھارت میں بنائی گئی فلم ’گل مکئی‘ جمعہ 21 جنوری کو ریلیز کی جائے گی۔ گل مکئی ملالہ کا قلمی نام تھا جو انھوں نے بلاگ لکھنے کے لیے اختیار کیا تھا۔

فلم میں ملالہ کا مرکزی کردار ریم سمیر شیخ اور ان کے والد ضیا الدین یوسف زئی کا کردار اتل کلکرنی نے ادا کیا ہے۔ مختلف اداکاروں نے صوفی محمد، ملا فضل اللہ، بیت اللہ محسود اور حکیم اللہ محسود کے کردار نبھائے ہیں۔ کاسٹ میں اوم پوری بھی شامل ہے جن کی یہ آخری فلم ثابت ہوئی۔ وہ جنرل کیانی کے روپ میں دکھائی دیں گے۔

فلم کے ڈائریکٹر امجد خان ہیں جنھوں نے 2016 میں عکس بندی شروع کی اور 2018 میں کام مکمل کر لیا تھا۔ شوٹنگ بھوج اور ممبئی کے علاوہ بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں بھی کی گئی، تاکہ سوات جیسے مناظر دکھائے جا سکیں۔

ملالہ یوسف زئی طالبان کے سوات پر تسلط کے دوران بی بی سی پر گل مکئی کے قلمی نام سے بلاگ لکھتی رہیں، جس میں انھوں نے دنیا کو بتایا کہ وادی میں لڑکیوں کو تعلیم حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔ بعد میں دہشت گردوں نے انھیں گولی مار کر قتل کرنا چاہا۔ وہ شدید زخمی ہوئیں۔ لیکن، ان کی جان بچالی گئی۔

لڑکیوں کی تعلیم کے لیے کوششیں کرنے پر انھیں 2014 میں نوبیل انعام سے نوازا گیا۔ وہ یہ انعام حاصل کرنے والی دنیا کی سب سے کم عمر شخصیت ہیں۔