نیا بجٹ: اہم شعبوں کیلئے مختص کی گئی رقوم

بجٹ میں مختلف شعبوں کے لئے بڑی بڑی رقمیں مختص کئی گئی ہیں۔ پیش ہے کچھ اہم شعبوں اور ان کے لئے مختص کی جانے والی رقموں کی تفصیلات:
نئے مالی سال دو ہزار چودہ پندرہ کا وفاقی بجٹ منگل کو پیش کردیا گیا۔ بجٹ میں مختلف شعبوں کے لئے بڑی بڑی رقمیں مختص کئی گئی ہیں۔ کچھ اہم شعبوں اور ان کے لئے مختص کی جانے والی رقموں کی تفصیلات کچھ اس طرح ہیں:

تعلیم
تعلیمی امور اور اس سے متعلق خدمات کی مد میں 64 ارب ایک کروڑ 40 لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں۔

تفریح، ثقافت اور مذہب
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی بجٹ تقریر کے مطابق نئے بجٹ میں تفریح، ثقافت اور مذہبی امور کے لئے 7 ارب 6 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔

صحت
صحت اور اس سے متعلق امور و خدمات کے لئے منگل کو پیش ہونے والے بجٹ میں10 ارب ایک کروڑ 70 لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں۔

زراعت
وزیر خزانہ کے مطابق حکومت نے نئے مالی سال کے بجٹ میں زراعت کے شعبہ کیلئے مختلف مراعات کا اعلان کیا ہے، جس کے مطابق تین لاکھ کسان گھرانوں کو ایک لاکھ روپے تک کے قرضے دیئے جائیں گے۔فصلوں کی انشورنس کا دائرہ کار بڑھایا جارہا ہے، ٹریکٹرز کیلئے سیلز ٹیکس کم کرنے کی تجویز زیر غور ہے، جبکہ زرعی قرضے 500 ارب روپے کئے جا رہے ہیں۔

اسلام آباد۔مری۔ مظفر آباد ریل لنک
بجٹ میں کشمیر اور گلیات میں نئے ریل لنک کیلئے ’کشمیر ریلویز‘ کے نام سے نئی کمپنی قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ منگل کو قومی اسمبلی میں آئندہ مالی سال کے بجٹ کے دوران وزیر خزانہ نے کہا کہ اسلام آباد۔مری۔ مظفر آباد ریل لنک کے نام سے ایک نئے منصوبے کا آغاز کیا جا رہا ہے۔

دفاعی امور
دفاعی امورکے لئے 7 کھرب 14 کروڑ 80 لاکھ روپے کی رقم مختص کی گئی ہے جبکہ پچھلے بجٹ میں دفاع کے لئے اخراجات کا تخمینہ 6 کھرب 27 ارب 22 کروڑ 60 لاکھ روپے تھا۔

ایٹمی توانائی کمیشن
پی ایس ڈی پی برائے مالی سال دو ہزار چودہ پندرہ کے اعدادو شمار کے مطابق نئے بجٹ میں ایٹمی توانائی کمیشن کے پہلے سے جاری اور نئے منصوبوں کیلئے مجموعی طور پر 51 ارب 47 کروڑ 50 لاکھ روپے کے فنڈز مختص کئے گئے جن میں 17 ارب 18 کروڑ روپے کی غیر ملکی امداد بھی شامل ہے۔