امریکہ: الیکشن والے دن حملے کی مبینہ منصوبہ بندی کرنے والا افغان شہری گرفتار

  • تفتیشی ادارے ایف بی آئی نے پیر کو ایک افغان شہری کو گرفتار کیا ہے۔
  • حکام نے بتایا ہے کہ زیرِ حراست افغان شہری امریکہ میں صدارتی انتخابات کے دن حملے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔
  • ستائیس سالہ ناصر احمد توحیدی کو اوکلاہوما سٹی سے گرفتار کیا گیا ہے۔
  • ناصر احمد توحیدی 2021 میں تارکینِ وطن کے لیے مخصوص ویزے پر امریکہ آئے تھے۔
  • حملے کے منصوبہ ساز نے اپنی بیوی اور بچے کے لیے افغانستان جانے کا جہاز کا یک طرفہ ٹکٹ بھی خرید لیا تھا۔

ویب ڈیسک__امریکہ کے تفتیشی ادارے فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن (ایف بی آئی) نے ایک افغان شہری کو گرفتار کیا ہے جس کے بارے میں حکام نے بتایا ہے کہ وہ شدت پسند تنظیم داعش سے متاثر تھا اور امریکہ میں صدارتی انتخابات کے دن حملے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔

امریکہ کے محکمۂ انصاف نے ایک بیان میں کہا ہے کہ گرفتار شخص الیکشن والے دن کسی بڑے مجمعے میں حملے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔

تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ 27 سالہ ناصر احمد توحیدی کو پیر کے دن اوکلاہوما سٹی سے گرفتار کیا گیا ہے۔

حکام نے مزید بتایا کہ ناصر احمد توحیدی کا منصوبہ تھا کہ آئندہ ماہ امریکہ میں صدارتی الیکشن والے دن حملہ کیا جائے۔

خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ کے مطابق ناصر احمد توحیدی پر تیار کی گئی سرکاری دستاویزات کے مطابق مبینہ حملہ آور کو امید تھی کہ اس حملے میں وہ خود اور اس کا ایک کم عمر ساتھی مارے جائیں گے۔

ناصر احمد توحیدی 2021 میں تارکینِ وطن کے لیے مخصوص ویزے پر امریکہ آئے تھے۔ انہوں نے حالیہ ہفتوں میں حملے کے اپنے منصوبے پر عمل درآمد کے لیے کئی اقدامات کیے تھے۔

انہوں نے ایک اے کے 47 رائفل خریدی تھی۔ اپنے خاندان کے تمام اثاثے فروخت کر دیے تھے۔

اس کے ساتھ ساتھ منصوبہ ساز نے اپنی بیوی اور ایک بچے کے لیے افغانستان جانے کا جہاز کا یک طرفہ ٹکٹ بھی خرید لیا تھا۔

مبینہ طور پر حملے کی منصوبہ بندی کرنےو الے افغان شہری کی گرفتاری کے بعد ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کرسٹوفر رے نے ایک بیان میں کہا ہے کہ دہشت گردی کا مقابلہ اب بھی ایف بی آئی کی اولین ترجیح ہے۔

ان کے بقول ایف بی آئی امریکہ کے شہریوں کے تحفظ کے لیے تمام وسائل استعمال کرے گی۔

ناصر احمد توحیدی کی گرفتاری کے بعد محکمۂ انصاف نے بتایا ہے کہ انہوں نے تفتیش کاروں کے سامنے تسلیم کیا کہ وہ الیکشن والے دن حملے کی پلاننگ کر رہے تھے اور وہ کسی بڑے مجمعے کو نشانہ بنا سکتے تھے۔

افغان شہری پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ ناصر احمد توحیدی نے شدت پسند تنظیم داعش کی حمایت میں سازش اور معاونت کی۔

داعش کو امریکہ دہشت گرد تنظیم قرار دے چکا ہے۔

فوری طور پر یہ واضح نہیں ہو سکا کہ ناصر احمد توحیدی کو وکیل کی خدمات حاصل ہیں یا نہیں جو ان کی جانب سے مؤقف پیش کر سکیں۔

اس رپورٹ میں خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ سے معلومات شامل کی گئی ہیں۔