ایکشن، ایڈوینچر اور سنسنی سے بھرپور فلم ’فاسٹ اینڈ فیورس 9‘ کرونا وبا کے دوران باکس آفس پر ریکارڈ بزنس کرنے والی فلم بن گئی ہے۔
متعدد بار تاخیر کا شکار ہونے والی ہالی وڈ فلم ’فاسٹ اینڈ فیوریس 9‘ کو 19 مئی کو دنیا بھر میں ریلیز کیا گیا تھا جب کہ فلم 25 جون کو امریکہ کے سینما گھروں کی زینت بنی تھی۔
خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق فلم نے شمالی امریکہ کے چار ہزار 179 سنیما گھروں سے ابتدائی طور پر سات کروڑ ڈالرز کا بزنس کیا ہے۔
امریکی فلم پروڈکشن کمپنی ’یونیورسل پپکچرز‘ کے بینر تلے بننے والی فلم فاسٹ اینڈ فیوریس ہالی وڈ کی کامیاب ترین فرنچائز سمجھی جاتی ہے جس کا آغاز 2001 سے ہوا تھا۔
Your browser doesn’t support HTML5
فلم کی کہانی ایک غیر قانونی ریسنگ کے گرد گھومتی ہے۔
فاسٹ اینڈ فیوریس 9 کی کاسٹ میں اداکار ون ڈیزل، جان سینا اور چارلیز تھیرون سمیت متعدد فن کاروں نے اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔
فلم کی ہدایت جسٹن لی کی جانب سے دی گئی ہے۔
’فاسٹ اینڈ فیوریس 9‘ نے کرونا کے دوران شاندار بزنس کرنے کا سنگِ میل عبور کیا ہے۔
اس ویک اینڈ سے قبل ریلیز ہونے والی ڈراؤنی اور سنسنی خیز فلم ’آ کوائٹ پلیس پارٹ ٹو‘ نے ابتدائی طور پر چار کروڑ 83 لاکھ ڈالرز کا بزنس کیا تھا۔
SEE ALSO: اینجلینا جولی کی فلم 'دوز ہو وِش می ڈیڈ' باکس آفس پر 'ناکام'’رائٹرز‘ کے مطابق فاسٹ اینڈ فیورس کے ابتدائی ویک اینڈ پر ریکارڈ بزنس کی توقع نہیں کی جا رہی تھی کیوں کہ وبا کی وجہ سے فلمی شائقین اس طرح سنیما گھروں کا رُخ نہیں کر رہے جس طرح وبا سے قبل صورتِ حال تھی۔
فاسٹ اینڈ فیوریس فرنچائز کی 2017 میں ریلیز ہونے والی فلم ’دی فیٹ آف دی فیوریس‘ نے ابتدائی طور پر نو کروڑ 80 لاکھ ڈالرز کا بزنس کیا تھا جب کہ فلم نے دنیا بھر سے ایک اعشاریہ دو بلین ڈالرز کی آمدن کی تھی۔
اسی طرح 2015 میں ’فیوریس 7‘ نے ریلیز کے تین روز میں ہی 14 کروڑ 72 لاکھ ڈالرز کا شاندار بزنس کیا تھا جب کہ اس فرنچائز نے دنیا بھر سے ایک اعشاریہ پانچ بلین ڈالرز کا بزنس کیا تھا۔
فلم کی مشاورتی فرم ’فرنچائز انٹرٹینمنٹ‘ چلانے والے ڈیوڈ اے گروس کا کہنا ہے کہ ’فاسٹ اینڈ فیوریس 9‘ کا اوپننگ ویک اینڈ شاندار رہا۔‘
فاسٹ اینڈ فیوریس 9 دنیا بھر میں 40 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز کا بزنس کر چکی ہے۔