چوتھا ون ڈے، پاکستانی ٹیم بڑا اسکور کرکے بھی میچ ہار گئی

سرفراز

بین اسٹوکس پانچ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 71 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے اور انگلینڈ کی جیت میں اہم کردار ادا کیا

انگلینڈ نے ناٹنگھم میں کھیلا جانے والا چوتھا ون ڈے کرکٹ انٹرنیشنل میچ تین وکٹوں سے جیت لیا، اور ساتھ ہی پانچ میچز کی سیریز میں انگلینڈ کو تین صفر کی فیصلہ کُن برتری حاصل ہو گئی ہے۔

بین اسٹوکس پانچ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 71 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے اور انگلینڈ کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

جیسن روئے کو ’پلیئر آف دی میچ‘ قرار دیا گیا۔

پاکستان ٹیم کے کپتان، سرفراز احمد نے کہا ہے کہ اچھا اسکور کرنے کے باوجود ’’خراب فیلڈنگ کے باعث، ٹیم فتح حاصل کرنے میں ناکام رہی‘‘۔ میچ کے بعد اپنے کلمات میں سرفراز احمد نے کہا کہ ’’پاکستانی بالروں نے اچھا کھیل پیش کیا، جب کہ پاکستان کی فیلڈنگ لائن مکمل طور پر ناکام رہی‘‘۔

جیت کے لیے پاکستان نے انگلینڈ کو 341 کا ہدف دیا تھا جو انگلینڈ نے آخری اوور میں حاصل کر لیا۔

پانچواں ون ڈے انٹرنیشنل میچ اتوار کو لیڈز میں کھیلا جائے گا۔

روئے نے جب 27 رنز اسکور کیے تھے، اس وقت انگلینڈ نے کسی نقصان کے بغیر 62 رنز بنائے تھے۔ اس وقت عماد بولنگ کر رہے تھے، جب فخر زمان نے روئے کا کیچ ڈراپ کیا۔ یہ پاکستانی فیلڈ کی بہت مہنگی غفلت تھی۔ لیکن فیلڈنگ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے کئی غلطیاں کیں۔

انگلینڈ کے کھلاڑی بٹلر اور معین صفر پر آؤٹ ہوئے۔

عماد کی بولنگ پر حفیظ نے غیر سنجیدگی سے ایک ہی ہاتھ سے روٹ کا کیچ پکڑا۔ ڈینلی، اسٹوکس اور کرن نے اسکور کو سنبھالا اور اچھے اسٹروک کھیل کر اسکور تیزی سے بڑھایا۔

اسٹوکس نے ہی میچ جیتنے والا اسٹروک لگایا۔

اس سے قبل، سات کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے پر، پاکستان نے 340 رنز بنائے۔ بابر اعظم نے سب سے زیادہ، 115 رنز اسکور کیے، جب کہ محمد حفیظ اور فخر زمان نے بالترتیب 59 اور 57 رنز بنائے۔

انگلینڈ کی جانب سے کرن نے دس اوورز میں 75 رنز دے کر چار پاکستانی کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان چوتھے ایک روزہ میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی، گزشتہ میچ میں 151 رنز بنانے والے امام الحق نے صرف 3 رنز ہی بنائے تھے کہ وہ زخمی ہو کر گراونڈ سے باہر چلے گئے۔ جس کے بعد بابر زمان میدان میں آئے اور انہوں نے فخر زمان کے ساتھ مل کر پاکستان کو اچھا آغاز فراہم کیا۔ فخر زمان 116 کے مجموعی اسکور پر ووڈ کے ہاتھوں کرن کی بال پر کیچ آوٹ ہو گئے۔

چوتھے نمبر پر محمد حفیظ بیٹنگ کے لیے آئے جنہوں نے بابر اعظم کا بھرپور ساتھ دیا اور نصف سینچری کے ساتھ اسکور 220 تک پہنچا دیا۔ اس موقع پر حفیظ ووڈ کی بال پر جارڈن کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔

حفیظ کے آوٹ ہونے کے بعد شعیب ملک وکٹ پر آئے۔ اس دوران بابر اعظم نے سینچری اسکور کی لیکن وہ 115رنز پر کرن کی بال پر آرچر کو کیچ دے بیٹھے۔

انگلینڈ کو پہلے ہی دو میچوں کی برتری حاصل ہے۔ پانچ ایک روزہ بین الاقوامی میچز کی سیریز میں پہلا میچ بارش کی وجہ سے منسوخ ہوگیا تھا جبکہ دوسرا اور تیسرا میچ انگلینڈ نے جیتا تھا۔

پاکستانی ٹیم میں آج دو تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ محمد حفیظ اور محمد حسنین کو کھیلنے کا موقع دیا گیا ہے جبکہ مخالف ٹیم کی قیادت آج جیسن روئے کر رہے ہیں کیوں کہ تیسرے میچ میں کپتان اوئن مورگن کو سلو اوور ریٹ کے سبب آج کے میچ کے لئے معطل کردیا گیا تھا۔