الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ڈیرہ اسماعیل خان کے بلدیاتی انتخابات میں میئر کے امیدوار عمر امین گنڈا پور کو انتخاب لڑنے کے لیے نااہل قرار دیا ہے۔ عمر امین حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار تھے اور وہ وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و شمالی علاقہ جات علی امین گنڈاپور کے بھائی ہیں۔
الیکشن کمیشن نے عمر امین گنڈاپور کی اہلیت پر جمعے کو فیصلے محفوظ کیا تھا۔ پیر کو کمیشن نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ تحریک انصاف کے امیدوار انتخابی قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ہیں۔ عمر امین پر الزام تھا کہ ان کے بھائی انتخابات میں سیاسی اثر و رسوخ اور سرکاری وسائل استعمال کر رہے ہیں۔
ایک ہفتے کے دوران الیکشن کمیشن کا حکمراں جماعت سے تعلق رکھنے والے بلدیاتی امیدواروں سے متعلق یہ دوسرا اہم فیصلہ ہے۔
اس سے قبل یکم فروری کو کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں پولنگ کے دوران گڑ بڑ اور انتخابی عملے کو ہراساں کرنے کے الزام میں صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ ملک شاہ محمد وزیر کو ہر قسم کے سیاسی اور سرکاری عہدے کے لیے پانچ سال کے لیے نا اہل قرار دیا تھا۔اسی کے ساتھ کمیشن نے اپنے فیصلے میں ملک شاہ کے صاحبزادے ہارون رشید کو بھی تحصیل بکاخیل کے چیئرمین کے عہدے پر انتخابات میں حصہ لینے کے لیے نااہل قرار دیا تھا۔
عمر امین نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو چیلنج کرنے کا اعلان کیا ہے۔ صحافیوں سے بات کرتے ہوِئے انہوں نے کہا کہ مخالفین خوش نہ ہوں اور الزامات کو ایپلیٹ فورم پر چیلنج کر کے اپنی بے گناہی ثابت کریں گے۔
عمر امین کی نااہلی اور میئرشپ کے لیے مقابلہ سخت
خیبر پختونخوا میں جاری بلدیاتی انتخابات میں ڈیرہ اسماعیل خان کے سٹی میئر کے عہدے کے انتخابات کو خاصی اہمیت حاصل ہے۔ اس نشست کے لیے پی ٹی آئی کے عمر امین گنڈاپور کے علاوہ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور قومی اسمبلی کے سابق ڈپٹی اسپیکر فیصل کریم کنڈی بھی میدان میں ہیں۔
SEE ALSO: خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں غلط امیدواروں کے انتخاب کا خمیازہ بھگتا: عمران خانجمعیت علماء اسلام(ف) نے میئر شپ کے لیے مولانا فضل الرحمٰن کے ایک قریبی ساتھی کفیل نظامی کو نامزد کیا ہے جن کی کامیابی کے لیے مقامی قیادت سر توڑ کوششیں کر رہی ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ عمر امین گنڈاپور کی نااہلی کا سب سے زیادہ فائدہ فیصل کریم کنڈی کو ہو سکتا ہے لیکن کفیل نظامی بھی سخت مقابلہ کریں گے۔
الیکشن کمیشن کی کارروائیاں
خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں الیکشن کمیشن انتہائی متحرک ہے۔ کمیشن نے وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور کو ڈی آئی خان سمیت ان تمام اضلاع میں دورے سے روک دیا تھا جہاں پولنگ ہونی ہے۔
کمیشن نے تحریک انصاف کے رکنِ قومی اسمبلی شیخ یعقوب کو پچاس ہزار روپے جرمانہ بھی کیا ہے جب کہ جمعیت علماء اسلام (ف) کے رہنما اور رکنِ صوبائی اسمبلی مولانا لطیف الرحمان، پاکستان پیپلز پارٹی کے احمد کریم کنڈی اور جنوبی وزیرستان سے رکنِ قومی اسمبلی مولانا جمال الدین کو بھی انتخابی قواعد و ضوابط کے خلاف ورزی پر نوٹسز جاری کیے ہیں ۔
مولانا فضل الرحمٰن کے چھوٹے بھائی اور سول افسر مولانا ضیاء الرحمٰن کے بارے میں الیکشن کمیشن نے چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کو کارروائی کرنے کی ہدایت کی ہے۔