دنیا کی سب سے بلند عمارت برج الخلیفہ کے قریب واقع ایک کثیرالمنزلہ بلڈنگ میں پیر کی صبح آگ لگ گئی۔ تاہم فوری طور پر کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔
خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق دبئی میں ایک رہائشی عمارت کی 35 ویں منزل پر آگ لگی ہے جس کے بعد وہاں سے اٹھنے والے دھویں کو دیکھا جا سکتا ہے۔
متاثرہ عمارت اس جگہ پر واقع ہے جہاں متحدہ عرب امارات کی نامور کنسٹرکشن کمپنی 'ایمار' گروپ کی تعمیر کردہ کئی دیگر عمارتیں موجود ہیں جنہیں '8 بولیورڈ والک' بھی کہا جاتا ہے۔
دبئی پولیس اور شہری دفاع کے ادارے نے فوری طور پر آگ لگنے کے معاملے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے جب کہ ایمار گروپ نے بھی 'اے پی' کے رابطہ کرنے پر فوری طور پر کوئی جواب نہیں دیا۔
واضح رہے کہ دبئی کی کثیر المنزلہ عمارتوں میں حالیہ عرصے کے دوران آتش زدگی کے واقعات کے بعد عمارتوں میں استعمال ہونے والے مٹیریل پر سوالات اٹھائے جاتے رہے ہیں۔
سال 2015 میں سالِ نو کے جشن کے موقع پر دبئی کے ڈاؤن ٹاؤن میں آگ بھڑکنے کا واقعہ پیش آیا تھا۔ ڈاؤن ٹاؤن برج الخلیفہ کے قریب ہوٹلوں اور رہائشی عمارتوں پر مشتمل علاقہ ہے جہاں دنیا بھر سے آنے والے سیاح قیام کرتے ہیں۔