رسائی کے لنکس

’یہ جہاز نہیں اڑے گا‘؛ مظاہرین کا ایئرپورٹ پر دھرنا


مظاہرین کئی گھنٹوں تک نجی جہازوں کے پہیوں کے سامنے دھرنا دیے بیٹھے رہے۔
مظاہرین کئی گھنٹوں تک نجی جہازوں کے پہیوں کے سامنے دھرنا دیے بیٹھے رہے۔

یورپی ملک نیدرلینڈز کے شہر ایمسٹرڈیم کے شیفول ایئر پورٹ پر اس وقت دلچسپ صورت حال پیدا ہو گئی جب ماحولیات کے تحفظ کے لیے کام کرنے والے کارکنوں نے نجی طیاروں کے لیے مختص علاقے پر دھاوا بول دیا اور ہاتھوں میں مختلف رنگوں کے پرچم تھامے ان مظاہرین نے کئی گھنٹوں تک نجی جہازوں کے پہیوں کے سامنے دھرنا دیا۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق ہفتے کو احتجاج کرنے والے ان افراد کی بڑی تعداد کو ملٹری پولیس بسوں میں سوار کرکےلے گئی۔

نیدرلینڈز کے سرکاری نشریاتی ادارے ‘این او ایس’ کے مطابق لگ بھگ 100 افراد کو سیکیورٹی اداروں نےحراست میں لیا ہے۔

یہ احتجاج مصر میں ماحولیات سے متعلق ہونے والی کانفرنس 'کاپ 27' کے سلسلے میں گرین پیس کے زیر اہتمام ایئر پورٹ کے اندر اور اطراف کیے جانے والے مظاہروں کا حصہ تھا۔

اس مظاہرے کی وجہ سے کسی بھی فلائٹ کے لیٹ ہونے سے متعلق کوئی رپورٹ سامنے نہیں آئی۔

نیدرلینڈز گرین پیس مہم کے رہنما دیوی زلوچ کا کہنا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ کم سے کم جہاز پرواز کریں۔ ان کے بقول زیادہ ٹرینیں استعمال کی جائیں اور غیر ضروری نجی پروازوں پر پابندی عائد کی جائے۔

ماحولیات سے متعلق گروپ کا کہنا ہے کہ شیفول ایئر پورٹ نیدرلینڈز میں سب سے زیادہ کاربن خارج کرنے کا ذریعہ بن رہا ہے جو کہ سالانہ 12 ارب کلو گرام کاربن خارج کرتا ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ ایئر پورٹ کے اطراف بھی مظاہرے کیے گئے، جن میں شرکا نے بینرز اٹھائے ہوئے تھے جن پر ’فضائی سفر کم اور ٹرین کا سفر زیادہ‘ کے نعرے درج تھے۔

مظاہروں کے حوالے ایئر پورٹ کی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ ان کا ارادہ ہے کہ وہ 2030 تک کاربن فری ایئر پورٹ بن جائے اور وہ اس ارادے کی حمایت کرتے ہیں کہ 2050 تک زیرو کاربن کا اخراج ممکن ہو سکے۔

ملٹری پولیس کا، جس کی ذمہ داری ایئر پورٹ کی سیکیورٹی ہے، بیان میں کہنا تھا کہ انہوں نے ان افراد کو گرفتار کیا ہے جو اجازت کے بغیر ایئر پورٹ کے ممنوعہ علاقے میں موجود تھے۔

نیدر لینڈز کی حکومت نے رواں سال جون میں فضائی آلودگی اور ماحولیاتی خدشات کے سبب ایئر پورٹ سے سفر کرنے والے مسافروں کی تعداد چار لاکھ 40 ہزار تک محدود کر دی تھی جو کہ 2019 کے مقابلے میں 11 فی صد کم ہے۔

وزیرِ ٹرانسپورٹ مارک ہاربرز نے پارلیمان کو گزشتہ ماہ آگاہ کیا تھا کہ ان کا دفتر نجی جہازوں کی بڑھتی ہوئی تعداد پر قابو نہیں پا سکتا جب کہ حکومت یہ سوچ رہی ہے کہ آیا اس معاملے کو ماحولیاتی پالیسی میں شامل کیا جائے یا نہیں۔

XS
SM
MD
LG