پاکستان نے امریکی سفارت خانے کے ناظم الامور رچرڈ ہوگلینڈ کو وزارت خارجہ طلب کرکے ڈورن حملوں پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
دفتر خارجہ کی طرف سے منگل کو جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی سفارت کار پر ایک بار پھر واضح کیا گیا کہ ڈورن حملے غیر قانونی، بین الاقوامی قوانین کے منافی اور پاکستان کی سرحدی حدود کی صریحاً خلاف ورزی ہیں۔
’’پارلیمان واضح کر چکی ہے کہ یہ (ڈرون حملے) ناقابل برداشت ہیں۔‘‘
بیان میں بتایا گیا ہے کہ ایک روز قبل پشاور میں امریکی سفارت کاروں سے برآمد ہونے والے غیر قانوی اسلحے پر بھی پاکستان نے شدید احتجاج کیا۔
’’انھیں (امریکی ناظم الامور) کو مطلع کیا گیا کہ سفارت کاروں کا غیر قانونی اسلحے کے ساتھ سفر کرنا ناقابل قبول ہے اور یہ ناصرف پاکستانی قوانین بلکہ سفارتی آداب کے بھی منافی ہے۔‘‘