پنجاب اسمبلی کے انتخابات کا شیڈول جاری، خیبرپختونخوا میں الیکشن کی تاریخ پر اتفاق نہ ہو سکا

فائل فوٹو

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب اسمبلی کے انتخابات کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے تاہم خیبر پختونخوا میں انتخابات سے متعلق گورنر اور کمیشن کے حکام کے درمیان اتفاق نہ ہو سکا۔

الیکشن کمیشن نے بدھ کو پنجاب میں انتخابات کا شیڈول جاری کیا ہے جس کے مطابق پنجاب میں عام انتخابات کے لیے پولنگ 30 اپریل کو ہو گی۔

انتخابی شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی 12 سے 14 مارچ تک جمع کرائے جا سکتے ہیں جن کی جانچ پڑتال 22 مارچ کو ہو گی۔

دوسری جانبخیبر پختونخوا اسمبلی کے انتخابات کی تاریخ کے معاملے پر گورنر حاجی غلام علی اور الیکشن کمیشن کے حکام کے درمیان اتفاق نہ ہو سکا۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے پنجاب و خیبر پختونخوا میں انتخابات میں تاخیر کے معاملے پر از خود نوٹس کیس کے فیصلے میں 90 روز میں انتخابات کرانے کا حکم دیا تھا۔

اعلیٰ عدالت نے گورنر خیبر پختونخوا اور الیکشن کمیشن کو انتخابات کی تاریخ پر مشاورت کا حکم دیا تھا۔

SEE ALSO: سپریم کورٹ کا پنجاب اور خیبر پختونخوا میں 90 روز میں انتخابات کرانے کا حکم

پشاور سے وائس آف امریکہ کے نمائندے شمیم شاہد کے مطابق الیکشن کمیشن اور گورنر خیبرپختونخوا کے درمیان انتخابات کی تاریخ پر ڈیڈ لاک برقرار ہے اور بدھ کو اس ضمن میں ہونے والی مشاورت بھی بے سود ثابت ہوئی ہے۔

ذرائع کے مطابق گورنر حاجی غلام علی نے صوبے میں پرامن انتخابات کے انعقاد پر زور دیا تاہم مشاورت کے دوران الیکشن کمیشن کے حکام نے گورنر کو سیکیورٹی پر بریفنگ دینے سے معذرت کر لی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کے حکام نے گورنر کو انتخابی تاریخ تک محدود رہنے کا مشورہ دیا۔

الیکشن کمیشن کا مؤقف ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم کے تحت گورنر سے مشاورت کا دائرۂ کار صرف انتخابی تاریخ ہے جب کہ آئین کے مطابق انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔

کمیشن کا کہنا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اور نگران حکومت پرامن انتخابات کو یقینی بنانے میں الیکشن کمیشن کی معاونت کرتے ہیں۔