نیوزی لینڈ نے کرکٹ ورلڈ کپ کے پول اے کے میچ میں انگلینڈ کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے دی۔
جمعہ کو ولنگٹن میں انگلینڈ نے ٹاس جیت پر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن اس کی پوری ٹیم حالیہ کرکٹ ورلڈ کپ کے اب تک کے کم ترین اسکور پر آؤٹ ہو گئی۔
کیوی باؤلروں کے آگے انگلش بلے باز ریت کی دیوار ثابت ہوئے اور پوری ٹیم 33.2 اوورز میں 123 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
نیوزی لینڈ کے ٹم ساؤتھی نے اپنے کریئر کی بہترین باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 33 رنز کے عوض سات وکٹیں حاصل کیں اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
انگلینڈ کے بلے باز روٹ ہی اس میچ میں واحد بلے باز رہے جنہوں نے کیوی باؤلروں کے سامنے کچھ دیر مزاحمت کی اور 46 رنز بنائے۔
نیوزی لینڈ نے مطلوبہ ہدف صرف 12.2 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر کے پول اے کے پوائنٹس ٹیبل پر چھ پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔
کپتان مک کلم نے سات چھکوں اور آٹھ چوکوں کی مدد سے جارحانہ اننگز کھیلتے ہوئے 77 رنز بنائے۔
نیوزی لینڈ کی دونوں وکٹیں انگلینڈ کی طرف سے وواکس نے حاصل کیں۔