کرکٹ ورلڈ کپ کے پول بی کے ایک میچ میں جمعرات کو جنوبی افریقہ نے متحدہ عرب امارات کو 146 رنز سے شکست دے دی۔
ولنگٹن میں امارات نے ٹاس جیت کر مضبوط حریف کو بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ پچاس اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 341 رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا۔
کپتان اے بی ڈویلیئرز صرف ایک رن کے فرق سے اپنی سینچری مکمل نہ کر سکے اور چار چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے 99 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔
بہارالدین نے 64 رنز کی ناقابل تسخیر اننگز کھیلی جب کہ ملر 49 اور روسویو 43 رنز کے ساتھ دیگر نمایاں بلے باز رہے۔
امارات کی طرف سے محمد نوید نے تین جب کہ کامران شہزاد، امجد جاوید اور محمد توقیر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں امارات کی پوری ٹیم 47.3 اوورز میں 195 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
سواپنل پٹیل 57 رنز کے ساتھ نمایاں اماراتی بلے باز رہے۔
جنوبی افریقہ کے فیلانڈر، مورکل اور ڈویلیئرز نے دو، دو جب کہ اسٹیئن، ڈومنی اور عمران نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
جنوبی افریقہ کے کپتان اے بی ڈویلیئرز کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔