پہلا ون ڈے: نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 47 رنز سے ہرا دیا

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلے ون ڈے کرکٹ کا ایک منظر۔ 7 نومبر 2018

پہلے ایک روزہ میچ میں ٹرینٹ بولٹ کی شاندار ہیٹ ٹرک کے باعث نیوزی لینڈ نے پاکستان کو بآسانی47 رنز سے شکست دےکر سیریز میں ایک۔صفر کی برتری حاصل کر لی۔

کیوی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کےنقصان پر 266 رنز بنائے۔ جواب میں پاکستان کی پوری ٹیم 47 اعشاریہ 2 اوورز میں 219 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔

کیوی ٹیم کے کپتان کین ولیم سن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، جو درست ثابت نہ ہوا اور صرف 13 رنز پر ورکر شاہین آفریدی کی گیند پر وکٹ کیپر سرفراز احمد کو کیچ دے بیٹھے۔ پاکستان کو دوسری وکٹ کے لئے بھی زیادہ دیر انتظار نہیں کرنا پڑا اور 36 کے مجموعی اسکور پر مونرو 29 رنز کی اننگز کھیل کر شاہین آفریدی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔

ولیم سن کو 27 رنز پر شاداب خان نے پویلین کی راہ دکھائی۔ اس وقت ٹیم کا اسکور 78 رنز تھا۔ تین وکٹیں گرنے کے بعد راس ٹیلر اور لیتھم نے نہ صرف رنز بنانے کی ذمہ داری سنبھالی بلکہ وکٹیں گرنے کے سلسلے کو بھی بریک لگا دی۔ دونوں بیٹسمینوں نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 130 رنز بنا کر پاکستانی بولرز کی ابتدائی کامیابیوں کے اثرات کو زائل کردیا اور اپنی ٹیم میچ میں واپس لے آئے۔

ایک موقع پر راس ٹیلر نے محمد حفیظ کے بولنگ ایکشن پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ وہ ’’دوسرا‘‘ کرا رہے ہیں جس کی انہیں اجازت نہیں ہے۔ اس پر امپائر نے جواب دیا کہ آپ بیٹنگ کریں ہم دیکھ رہے ہیں۔

لیتھم 68 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر شاداب خان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ نئے بیٹسمین نکولز اگلی ہی گیند پر بغیر کھاتہ کھولے پویلین لوٹ گئے۔ اسی اوور میں گرینڈہوم بھی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ اسکور میں صرف 2 رنز کے اضافے پر راس ٹیلر بھی 80 رنز کی اننگز کھیل کر عماد وسیم کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے

صرف دو رنز پر کیوی ٹیم کی 4 وکٹیں گرنے کے بعد میچ پر ایک بار پھر پاکستان ٹیم کی گرفت مضبوط ہو گئی لیکن سودھی نے 19 گیندوں پر 24 رنز کی دھواں دار اننگز کھیل کر ٹیم کا اسکور 252 تک پہنچادیا، ساؤتھی 20 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

یوں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 266 رنز بنائے

شاہین آفریدی اور شاداب خان نے چار، چار جبکہ عمادوسیم نے ایک وکٹ حاصل کی

نسبتاً مشکل ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم کی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا۔ ٹرینٹ بولڈ کے ایک ہی اوور میں صرف 8 رنز پر فخرزمان ایک رن کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔ نئے بیٹسمین بابر اعظم باہر جاتی ہوئی گیند کو کھیلنے کی کوشش میں پہلی ہی گیند پر وکٹ کے پیچھے کیچ دے بیٹھے۔ اگلی ہی گیند پر حفیظ کو ایل بی ڈبلیو کرکے ٹرینٹ بولٹ نے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے یہ تیسری ہیٹ ٹرک ہے۔ اس سے پہلے ڈینی موریسن اور شین بونڈ بھی یہ کارنامہ سرانجام دے چکے ہیں۔

ابتدائی نقصان کے بعد امام الحق اور شعیب ملک نے مل کر ٹیم کو مشکل سے نکالنے کی کوشش کی اور چوتھی وکٹ کی شراکت میں 63 رنز جوڑے۔ امام الحق 34 رنز کی اننگز کھیل کر شعیب ملک کا ساتھ چھوڑ گئے۔ اسکور میں صرف 2 رنز کے اضافے پر شعیب ملک بھی 30 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

سرفراز اور عماد وسیم نے ساتویں وکٹ کی شراکت میں 115 رنز جوڑ کر ٹیم کی پوزیشن کو بہتر کیا لیکن اس موقع پر سرفراز 64 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

سرفراز کے آؤٹ ہوتے ہی پاکستانی ٹیم کی تمام امیدیں دم توڑ گئیں اور پوری ٹیم 219 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔ عماد وسیم نے 50 رنز کی اننگز کھیلی۔

شاداب خان بھی لمبی اننگز نہ کھیل سکے اور صرف 7 رنز پر سودھی کا شکار ہوگئے۔

بولٹ اور فرگوسن نے تین، تین، گرینڈہوم نے دو جبکہ ساؤتھی اور سودھی نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی۔

ٹرینٹ بولٹ کو شاندار بولنگ پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

سیریز کا دوسرا میچ 9 نومبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔