انگلینڈ کو جیت کے لیے 223 رنز درکار

انگلینڈ کو جیت کے لیے 223 رنز درکار

پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف دبئی میں کھیلے جانے والے تیسرے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ مقررہ پچاس اوورز میں 222 رنز بنائے۔

ہفتہ کو پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور کسی قدر جارحانہ بلے باز کا مظاہرہ کیا۔ لیکن اس کے بلے باز زیادہ دیر تک انگلش باؤلروں کا سامنا نہ کرسکے۔ ایک وقت ایسا آیا کہ پاکستان کی چار وکٹیں محض 50 کے مجموعی اسکور پر گر چکی تھیں۔

شاہد آفریدی اور عمر اکمل نے ٹیم کی پوزیشن بہتر کرنے میں کسی قدر کردار ادا کیا اور دونوں نے نصب سینچریاں اسکور کیں۔ دونوں بالترتیب 51 اور 50 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ عمر گل نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے دو چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 26 رنز اسکور کیے۔

انگلینڈ کی طرف سے براڈ اور فن نے تین، تین اور اینڈریسن نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

چار ایک روزہ میچوں کی سیریز میں انگلینڈ کو پہلے ہی دو، صفر سے برتری حاصل ہے۔

پاکستان نے اس میچ کے لیے ٹیم میں یونس خان اور عبدالرحمن کی جگہ اسد شفیق اور عدنان اکمل کو شامل کیا ہے جب کہ انگلینڈ نے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے۔