انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے کرکٹ کےمختلف عالمی ایونٹس میں جوہری تبدیلیوں کی منظوری دیتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شریک ٹیموں کی تعداد میں اضافے جبکہ ون ڈے ورلڈ کپ کی ٹیموں میں کمی کی منظوری دے دی ہے۔
دبئی میں ہونے والے آئی سی سی بورڈ کے دو روزہ اجلاس میں کِیے گئے فیصلوں کے مطابق آئی سی سی نے ٹیسٹ اور ون ڈے انٹرنیشنل لیگز کرانے کی تجویز بھی منظور کرلی ہے۔
اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کے مطابق ٹیسٹ لیگ کا انعقاد جلد کیا جائے گا جس کا اختتام 2013 میں جیت کر آنے والی چار ٹیموں کے درمیان فاتح کے انتخاب پر ہوگا۔ جبکہ ون ڈے انٹرنیشنل لیگ کا آغاز اپریل 2011 میں کیا جائے گا جو 2014 میں لیگ چیمپئن کے انتخاب پر ختم ہوگی۔ ون ڈے لیگ میں برتری حاصل کرنے والی ٹیموں سے عالمی ون ڈے رینکنگ تشکیل پائے گی اور یہ ٹیمیں آئندہ ورلڈ کپ میں شمولیت کی حقدار تصور کی جائینگی۔
آئی سی سی کے بورڈ نے 2015 میں ہونے والے ورلڈ کپ میں شریک ٹیموں کی تعداد 10 تک محدود کرنے جبکہ 2012 میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شریک ٹیموں کی تعداد میں اضافہ کرکے 16 کرنے کی تجاویز بھی منظور کرلی ہیں۔
واضح رہے کہ بھارت، بنگلہ دیش اور سری لنکا میں آئندہ سال 19 فروری تا 2 اپریل ہونے والے آئی سی سی 2011 ورلڈ کپ میں 14 ٹیمیں شریک ہورہی ہیں۔