ایڈیلیڈ میں تین ملکی کرکٹ سیریز کے دوسرے فائنل میں سری لنکا نے آسٹریلیا کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر سیریز ایک، ایک سے برابر کردی ہے۔
آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ پچاس اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 271 رنز بنائے۔ کپتان مائیکل کلارک نے چار چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 117 رنز بنائے۔ دوسرے نمایاں بلے باز ڈیوڈ وارنر تھے جنہوں نے 100 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
سری لنکا کی طرف سے ملنگا نے تین اور تھرنگا نے ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کے ابتدائی بلے بازوں نے شاندار اور پراعتماد کھیل کا مظاہرہ کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 179 رنز بنائے۔ دلشان 106 اور جے وردنے 80 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔
سری لنکن ٹیم نے 272 رنز کا ہدف تینتالیسویں اوورز میں صرف دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
بیسٹ آف تھری فائنلز کے پہلے میچ میں آسٹریلیا کو 15 رنز سے فتح حاصل ہوئی تھی۔ سیریز کا آخری اور فیصلہ کن میچ آٹھ مارچ کو کھیلا جائے گا۔