کرونا وائرس سے بچنے کے لیے اپنا موبائل فون روزانہ صاف کریں

کرونا وائرس سے بچنے کے لیے اپنے موبائل فون کو بھی روزانہ صاف کرنا ضروری ہے۔

کرونا وائرس سے بچنے کے لیے آپ نے یہ تو پڑھا اور سنا ہو گا کہ اپنے ہاتھوں کو صابن کے ساتھ دن میں کئی کئی بار کم ازکم 20 سیکنڈ کے لیے اچھی طرح دھوئیں۔ لیکن کیا آپ کا دھیان اپنے موبائل فون کی طرف بھی گیا ہے جسے دن میں بیسیوں بار آپ استعمال کرتے ہیں اور وہ آپ کے ہاتھوں میں آتا ہے۔

سائنس دانوں نے موبائل کے جو ٹیسٹ کیے ہیں ان سے یہ نتیجہ برآمد ہوا ہے کہ موبائل فون کی سطح پر کرونا وائرس دو سے تین دن تک زندہ رہ سکتا ہے اور اسے چھونے سے وہ انسانی جسم میں منتقل ہو سکتا ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ صرف موبائل فون ہی نہیں بلکہ پلاسٹک اور سٹین لیس سٹیل سے بنی ہوئی تمام اشیا پر وائرس دو سے تین دن تک موجود رہ سکتا ہے۔

بیماریوں پر کنٹرول اور بچاؤ کے امریکی ادارے سی ڈی سی پی نے لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے موبائل فون، کمپیوٹر کا کی بورڈ اور ٹیبلٹ سمیت استعمال میں آنے تمام ہائی ٹیک آلات کو روزانہ باقاعدگی سے صاف کریں اور اس کے لیے جراثیم کش سپرے وغیرہ کا ستعمال کریں۔

پانی یا اسی طرح کے کسی مائع سے موبائل فون صاف کرنے سے اسے نقصان پہنچ سکتا ہے۔ اس کی صفائی میں یہ احتیاط کریں کہ نمی فون کے اندر نہ جانے پائے کیونکہ اس سے وہ خراب ہو سکتا ہے۔ اسے صاف کرتے وقت نرم کپڑا استعمال کریں تاکہ اس کی سطح پر خراشیں نہ آئیں۔

اپنے فون کو نقصان سے بچانے کے لیےاس پر براہ راست سپرے نہ کریں، اسے زور سے رگڑنے سے بھی گریز کریں۔ فون کی سطح صاف کرنے کے لیے آپ کسی بھی کمپنی کے وائپ استعمال کر سکتے ہیں۔ ایسے وائپ جن میں الکحول شامل ہوتا ہے، وائرس مارنے کے لیے زیادہ مفید رہتا ہے۔

فون صاف کرنے کے لیے کچن کے لیکوڈ استعمال نہ کریں۔ اس سے فون کی سطح کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

فون کی صفائی کے لیے آپ نرم کپڑا مثلاً مائیکروفائبر بھی استعمال کر سکتے ہیں۔ اس پر ہلکا سا عینک یا کیمرے کا عدسہ صاف کرنے والا اسپرے ڈال کر فون کی سطح پر نرمی سے رگڑیں۔ اس سے فون کی سطح پر موجود وائرس ہلاک ہو جائے گا۔

ہفتے کی دوپہر تک دنیا بھر میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد ڈیڑھ لاکھ ہو گئی ہے جب کہ ہلاکتیں 5750 سے بڑھ گئی ہیں۔ زیادہ تر مریضوں میں کرونا وائرس کی علامات معمولی یا درمیانی سطح کی ہوتی ہیں جب کہ معمر افراد یا کمزور افراد پر اس کا حملہ شدید ہو سکتا ہے۔