چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے سینٹرل جیل کراچی کا اچانک دورہ کیا اور قیدیوں کو کھلائے جانے والے کھانے کا نہ صرف معائنہ کیا بلکہ چکھ کے بھی دیکھا۔
سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں مقدمات کی سماعت کے بعد چیف جسٹس آف پاکستان نے کراچی سینٹرل جیل کا تفٰصیلی دورہ کیا اور وہاں قیدیوں کے مسائل بھی سنے۔ چیف جسٹس جیل کی مختلف بیرکس میں بھی گئے۔
Your browser doesn’t support HTML5
قیدیوں نے چیف جسٹس کے سامنے مسائل کے انبار لگا دیئے۔ بیشتر قیدیوں نے شکایت کی کہ ان کی سزا پوری ہوچکی مگر رہائی نہیں ملی۔ چیف جسٹس نے کہا کہ اگر سزا پوری ہوگئی تو رہائی ضرور مل جائے گی۔ اس موقع پر چیف جسٹس نے جیل حکام سے سزا پوری کرنے والے قیدیوں کی رپورٹ بھی طلب کرلی۔
چیف جسٹس میاں ثاقب نثار قیدیوں کے ہسپتال میں بھی گئے اور مریضوں کا حال پوچھا۔ اور مختلف ریکارڈ بھی چیک کیا۔
Your browser doesn’t support HTML5
چیف جسٹس نے جیل کے کچن کا دورہ کیا اور کھانے کا معائنہ بھی کیا۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار، جسٹس فیصل عارب اور جسٹس سجاد علی شاہ نے قیدیوں کو فراہم کیا جانے والا کھانا چکھ کر بھی دیکھا۔
چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے کراچی سینٹرل جیل میں انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سینٹرل جیل کراچی کے انتظامات دیگر جیلوں سے کہیں زیادہ بہتر ہیں۔