'چائنا سپر لیگ' کے ہفتے کو ہونے والے ہائی پروفائل میچ میں تماشائیوں کی ایک محدود تعداد کو اسٹیڈیم میں آ کر میچ دیکھنے کی اجازت دینے پر غور کیا جا رہا ہے۔
چائنا سپر لیگ (سی ایس ایل) کا آغاز پانچ ماہ کی تاخیر سے 25 جولائی کو سوژو اور ڈلیان کے نیوٹرل مقامات پر ہوا تھا۔ لیکن لیگ کے میچز میں تماشائیوں کو شرکت کی اجازت نہیں ہے۔
لیکن اب حکام اس بات پر غور کر رہے ہیں کہ لیگ کا ہفتے کو منعقد ہونے والا میچ محدود تماشائیوں کی موجودگی میں کھیلا جائے۔
سپر لیگ کے حکام نے مقامی سوژو شہر کی انتظامیہ کے ساتھ تماشائیوں کو گراؤںڈ میں داخلے کی اجازت دینے پر مشاورت کی ہے۔
خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق کرونا وائرس کی وبا کے بعد چین میں فٹ بال کی بحالی کی طرف یہ ایک اہم قدم ہے۔
اگر حکام نے تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں آ کر میچ دیکھنے کی اجازت دی تو ہفتے کو شنگھائی ایس آئی پی جی اور بیجنگ گوان کے درمیان ہونے والے مقابلے میں دونوں ٹیموں کے پانچ، پانچ سو حامی اسٹیڈیم میں میچ دیکھ سکیں گے۔
'بیجنگ یوتھ ڈیلی' کے مطابق انتظامیہ کو متعلقہ اداروں سے تماشائیوں کی تعداد کی مںظوری کا انتظار ہے۔ رپورٹ کے مطابق زیادہ سے زیادہ 1900 فٹ بال شائقین کے اسٹیڈیم میں آ کر میچ دیکھنے کا امکان ہے۔
گراؤنڈ میں میچ دیکھنے والے شائقین میں بیجنگ اور شنگھائی کے فینز، کرونا وائرس کے خلاف لڑنے والے طبی عملے کے ارکان اور چین میں حالیہ سیلابوں میں امدادی کارروائیوں میں حصہ لینے والے رضاکار شامل ہوں گے۔
ہفتے کو کھیلے جانے والا میچ دیکھنے آنے والوں کے لیے منفی کرونا وائرس ٹیسٹ کا سرٹیفکیٹ پیش کرنا، ماسک پہننا، ایک میٹر کا فاصلہ رکھنا اور داخلی دروازے پر درجۂ حرارت چیک کرانا لازمی ہو گا۔
کووڈ 19 کی وبا کے باوجود دنیا بھر میں فٹ بال لیگز کا آغاز ہو چکا ہے۔ لیکن فٹ بال میچز شائقین کے بغیر خالی اسٹیڈیمز میں کھیلے جا رہے ہیں۔