کرونا وائرس نے کینیڈا کے وزیرِ اعظم جسٹن ٹروڈو کی اہلیہ کو بھی اپنا شکار بنا لیا ہے۔ کینیڈین وزیرِ اعظم کے دفتر سے جمعرات کو جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ جسٹن ٹروڈو کی اہلیہ میں 'کووڈ 19' کی تصدیق ہوئی ہے۔ البتہ کینیڈین وزیرِ اعظم بالکل صحت مند ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق کینیڈین وزیرِ اعظم اور ان کی 44 سالہ اہلیہ نے خود کو آئسولیٹ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ٹروڈو کی اہلیہ صوفی گریگوائر ٹروڈو میں کرونا وائرس کی تشخیص ایک عوامی اجتماع میں ان کی شرکت کے بعد ہوئی ہے۔
وزیرِ اعظم کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صوفی گریگوائر میں 'کووڈ 19' کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ وہ صحت یابی تک آئسولیشن میں رہیں گی اور ان کی بیماری کم درجے کی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ کینیڈین وزیرِ اعظم بالکل صحت مند ہیں اور ان میں کرونا وائرس کی علامات نہیں پائی گئیں۔ لیکن وہ بھی دو ہفتوں کے لیے آئسولیشن میں رہیں گے۔
کینیڈا کی چھ ریاستوں میں اب تک مجموعی طور پر 150 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جب کہ اس وائرس سے ایک ہلاکت بھی ہوئی ہے۔ حکام نے حفاظتی اقدامات کے تحت عوامی اجتماعات اور کھیلوں کے مقابلے منسوخ کر دیے ہیں۔
جسٹن ٹروڈو کے دفتر سے جاری بیان میں کہا ہے کہ وزیرِ اعظم آئسلولیشن کے دوران بھی اپنے روز مرہ کے کام جاری رکھیں گے اور ہفتے کو وہ قوم سے خطاب بھی کریں گے۔
جسٹن ٹروڈو نے جمعرات کو مختلف میٹنگز فون پر اٹینڈ کیں۔ کابینہ کی خصوصی کمیٹی کی 'کووڈ 19' پر ہونے والی میٹنگ بھی انہوں نے فون پر ہی سنی۔ اس کے علاوہ انہوں نے اٹلی، امریکہ اور برطانیہ کے رہنماؤں سے بھی رابطہ کیا ہے۔
ٹروڈو کی اہلیہ صوفی گریگوائر ٹروڈو کا کہنا ہے کہ اگرچہ وہ کرونا وائرس کی علامات محسوس کر رہی ہیں۔ لیکن وہ بہت جلد دوبارہ اپنے پیروں پر کھڑی ہو جائیں گی۔
خیال رہے کہ کرونا وائرس کی وبا دسمبر کے اواخر میں چین کے شہر ووہان سے پھیلنا شروع ہوئی تھی۔ اس مہلک وبا سے اب تک ایک لاکھ 30 ہزار سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں اور یہ وائرس 116 ممالک میں پھیل چکا ہے۔ کرونا وائرس سے کم از کم 4900 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
کرونا وائرس دنیا بھر میں اس قدر تیزی سے پھیل رہا ہے کہ اس کا نشانہ بننے والوں میں کئی نامور شخصیات بھی شامل ہیں۔ گزشتہ روز آسکر ایوارڈ یافتہ امریکی اداکار ٹام ہینکس اور ان کی اہلیہ ریٹا ولسن میں بھی کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی۔
اس حوالے سے ٹام ہینکس نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ بھی شیئر کی ہے جس میں انہوں نے تصدیق کی کہ وہ اور اُن کی اہلیہ کرونا وائرس کے شکار ہو گئے ہیں۔
ٹام ہینکس اور ریٹا ولسن ایک فلم کی شوٹنگ کے سلسلے میں آسٹریلیا کے دورے پر تھے اور اب وہ آسٹریلیا کے ایک اسپتال میں قائم قرنطینہ میں موجود ہیں۔