برما میں نظر بند جمہوریت پسند رہنما آنگ سان سو چی کی متوقع رہائی سے ایک روز قبل اِن کے حامی رنگون میں ان کی سیاسی جماعت کے صدر دفتر میں اکٹھا ہونا شروع ہو گئے ہیں۔
حکومت مخالف رہنما کی نظر بندی کی مدت ہفتہ کو مکمل ہو رہی ہے۔
بعض قیاس آرائیوں کے مطابق سو چی کو جمعہ کے روز ہی رہا کیا جا سکتا ہے لیکن اِن کے وکیل نییان وِن نے اس امکان کی تصدیق نہیں کی ہے۔
آنگ سان سو چی کو گزشتہ سال نظر بندی کی ایک الگ سزا سے متعلق شرائط کی خلاف ورزی کرنے کے جرم میں تین سال قید بامشقت کی سزا سنائی گئی تھی۔ استغاثہ کا کہنا تھا کہ اُنھوں نے ایک امریکی باشندے کو رنگون میں اپنے جھیل سے متصل گھر میں پناہ دی تھی جو وہاں تیر کر پہنچا تھا۔
تاہم برما کے رہنما جنرل تھان شھوے نے سو چی کی سزا میں کمی کرکے اسے 18 ماہ کی نظربندی میں تبدیل کو دیا تھا۔