نیویارک کے مین ہٹن علاقے میں واقع ڈسٹرکٹ اٹارنی جنرل کے دفتر میں بدھ کے روز تین بجے شام ایک تقریب منعقد ہورہی ہے، جس میں ’گندھارا بدھ مت ثقافتی ورثے‘ سے تعلق رکھنے والا گوتم بدھا کا ایک نایاب مجسمہ پاکستان کو لوٹایا جائے گا۔
اس مجسمے کی مالیت 11 لاکھ ڈالر سے زائد بتائی جاتی ہے، جسے اسمگل کرکے پاکستان سے نیو یارک لایا گیا تھا، جس مقدمے میں ملوث مجرم کو سزا مل چکی ہے۔
اس باضابطہ تقریب میں پاکستانی سفارت خانے کے ڈپٹی چیف آف مشن، رضوان سعید شیخ اور ہوم لینڈ سکیورٹی کی نیویارک کی تفتیشی ٹیم کے خصوصی اہل کار، اینجل ایم ملنڈیز شریک ہوں گے۔
ڈسٹرکٹ اٹارنی جنرل کے دفتر کے ذرائع کے مطابق، تقریب میں دفتر کا نمائندہ شریک ہوگا۔
بتایا جاتا ہے کہ یہ نادر مجسمہ کشن دور سے تعلق رکھتا ہے، جسے 80 کی دہائی میں چوری کرکے پاکستان سے اسمگل کیا گیا؛ اور جب یہ کیس سامنے آیا تو امریکی تفتیشی ادارے متوجہ ہوئے، اور فوری اقدام کرتے ہوئے، باضابطہ چھان بین کے بعد مقدمہ چلا جس میں مجرم کو قرار واقعی سزا سنائی گئی۔