جاپان کے تفریحی بحری جہاز ’ڈائمنڈ پرنسیس‘ میں سفر کے دوران کورونا وائرس سے متاثر ہونے والا پہلا برطانوی شہری ہلاک ہو گیا ہے۔ اس ہلاکت سے ان افراد کی تعداد چھ ہو گئی ہے، جو 'ڈائمنڈ پرنسیس' میں سفر کے دوران کورونا وائرس سے متاثر ہوکر ہلاک ہو ئے۔
اس ہلاکت کا اعلان جاپان کی حکومت نے کیا ہے۔ جاپان کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ وہ کروز شپ میں کرونا سے متاثر ہو کر ہلاک ہونے والا پہلا غیر ملکی مسافر ہے۔ تاہم اس کا نام اور عمر نہیں بتائی گئی۔
اس سے قبل 13 فروری کو جاپان نے اپنے ملک میں کرونا سے پہلی ہلاکت کی اطلاع دی تھی۔ یہ ایک 80 سالہ خاتون تھیں جو فروری کے شروع سے اس مرض میں مبتلا تھیں۔ یہ چین سے باہر کرونا وائرس کی تیسری تصدیق شدہ ہلاکت تھی۔ اس سے پہلے فلپائن اور ہانگ کانگ میں یہ وائرس انسانی جانیں لے چکا ہے۔
جاپان کی وزارت صحت نے گزشتہ ہفتے اعلان کیا تھا کہ ٹوکیو کے نزدیک یوکوہاما کی بندرگاہ پر لنگرانداز کروز شپ میں سفر کرنے والے مزید 44 افراد میں کرونا کی تصدیق ہوئی ہے۔
اس تفریحی بحری جہاز پر عملے سمیت 3700 افراد سوار ہیں، جن میں سے 218 میں کرونا وائرس کی تصدیق ہو ئی تھی۔