رسائی کے لنکس

کرونا وائرس کا خطرہ، سعودی عرب میں عمرہ زائرین کے داخلے پر پابندی


سعودی حکومت نے خدشات کے سبب وائرس سے متاثرہ ممالک کے شہریوں کے سیاحتی ویزا پر بھی پابندی لگا دی ہے۔
سعودی حکومت نے خدشات کے سبب وائرس سے متاثرہ ممالک کے شہریوں کے سیاحتی ویزا پر بھی پابندی لگا دی ہے۔

کرونا وائرس پھیلنے کے خدشات کے پیشِ نظر سعودی حکومت نے عمرہ زائرین کے ملک میں داخلے پر عارضی پابندی عائد کر دی ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق سعودی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ اُن تمام افراد کے ویزہ منسوخ کر دیے گئے ہیں جنہیں عمرہ کی ادائیگی کی غرض سے مکہ اور مدینہ آنا تھا۔

سعودی وزارتِ خارجہ کے مطابق کرونا وائرس سے متاثرہ ملکوں کے شہریوں کے سیاحتی ویزا پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ پابندی کا اطلاق خلیجی ممالک کے اُن شہریوں پر بھی ہو گا جو نیشنل آئی ڈی کارڈ استعمال کرتے ہیں۔

حکام کے مطابق پابندی کا اطلاق سعودی عرب کے ان شہریوں پر نہیں ہو گا جو شناختی کارڈ پر بیرونِ ملک گئے ہیں۔

سعودی وزارتِ خارجہ کا اپنے ایک ٹوئٹ میں بتانا ہے کہ حالیہ فیصلہ عارضی طور پر کیا گیا ہے جو کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے بین الاقوامی سطح پر اٹھائے گئے اقدامات کا حصہ ہے۔

سعودی وزارتِ خارجہ نے اپنے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ کرونا وائرس سے متاثرہ ملکوں کا دورہ کرتے ہوئے احتیاط برتیں۔

ادھر پاکستانی وزارت ہوا بازی کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان پروازیں معمول کے مطابق آپریٹ کی جارہی ہیں۔

سعودی حکومت کی ہدایات پر پاکستان سے روانہ ہونے والے عمرہ زائرین اور سیاحتی ویزہ رکھنے والے افراد سعودی عرب کے لئے سفر نہیں کرسکیں گے تاہم سعودی عرب کا اقامہ اور مستقل قیام کی اجازت رکھنے والے سعودی عرب کے لئے سفر کر سکتے ہیں ۔

پی آئی اے سعودی عرب میں مقیم عمرہ زائرین کی وطن واپسی تک اپنی پروازیں معمول کے مطابق جاری رکھے گی۔

سعودی عرب کے روزنامے 'عرب نیوز' کا کہنا ہے کہ ہر سال تقریباً 70 لاکھ عمرہ زائرین سعودی عرب آتے ہیں جن میں زیادہ تر افراد جدہ اور مدینہ ایئر پورٹس پر اترتے ہیں جب کہ زائرین مکہ سمیت دیگر شہروں کا سفر کرتے ہیں۔

کرونا وائرس سے ایران میں 22 ہلاکتیں

ایران کی سرکاری خبر ایجنسی (آئی آر این اے) نے جمعرات کو تصدیق کی ہے کہ ملک میں اب تک کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 22 اور اس وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 141 تک پہنچ چکی ہے۔

اس سے قبل ایران کے حکام نے بدھ کو آگاہ کیا تھا کہ کرونا وائرس سے 19 افراد کی ہلاکت اور متاثرہ مریضوں کی تعداد 139 ہے۔

پاکستانی وزارت ہوا بازی کے فیصلے کے مطابق ایران کے ساتھ تمام ڈائریکٹ پروازوں پر 27 اور 28 فروری کی درمیانی رات 12 بجے سے تا حکم ثانی پابندی عائد کردی گئی ہے۔

دوسری جانب امریکہ اور جنوبی کوریا کے درمیان جمعرات سے ہونے والی مشترکہ مشقوں کو بھی کرونا وائرس پھیلنے کی وجہ سے ملتوی کر دیا گیا ہے۔

'اے ایف پی' کے مطابق جنوبی کوریا میں چین کے بعد کرونا وائرس کے سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن کی تعداد اب تک 1595 ہو گئی ہے۔

چین میں مزید 29 افراد ہلاک

جنوبی کوریا سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن کے مطابق جمعرات کو سب سے زیادہ 334 کیس رپورٹ ہوئے جب کہ ملک میں کرونا وائرس سے اب تک 12 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

چینی حکام کے مطابق کرونا وائرس سے جمعرات کو مزید 29 افراد کی ہلاکت کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 2744 ہو گئی ہے۔ چین میں صرف ایک روز کے دوران ہلاکتوں کی یہ سب سے کم تعداد ہے۔

اٹلی میں کرونا وائرس کے مزید 100 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ وہاں اب تک اس وائرس سے 12 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ اٹلی، یورپ بھر میں سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے جب کہ باقی یورپی ممالک میں اب تک 400 کیسز سامنے آچکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG