بالی وڈ میں ایک برس کے عرصے کے بعد سنیما گھر کھلے تو اکشے کمار کی فلم 'سوریاونشی' اور رجنی کانت کی فلم 'اناتھے' نے فلم بینوں کو مایوس نہیں کیا اور باکس آفس پر راج کر رہی ہیں۔
اکشے کمار کی فلم 'سوریاونشی' نے جہاں کرونا سے قبل ریلیز ہونے والی فلموں سے زیادہ بزنس کر کے شاندار آغاز کیا ہے وہیں تامل سنیما کے سپر اسٹار رجنی کانت کی فلم 'اناتھے' نے تقریباً 174 کروڑ بھارتی روپے کا بزنس کیا ہے۔
بھارتی خبر رساں ادارے 'اے این آئی' کے مطابق 'سوریاونشی' نے پانچ نومبر یعنی ریلیز کے پہلے روز 26 اعشاریہ 29 کروڑ بھارتی روپے کا بزنس کیا جب کہ فلم نے دوسرے روز 23.85 کروڑ روپے کی کمائی کی۔
بھارتی انٹرٹینمنٹ ویب سائٹ 'بالی وڈ ہنگامہ' کے مطابق اکشے کمار کی فلم نے ریلیز کے تیسرے روز 31 کروڑ بھارتی روپے کا شاندار بزنس کیا جس کے بعد فلم کی تین دن کی کمائی 79 کروڑ تک جا پہنچی۔
ایکشن کرائم اور سنسنی سے بھرپور فلم 'سوریاونشی' میں اکشے کمار نے ایک ڈی ایس پی کا کردار ادا کیا ہے جو جرائم کے خلاف سرگرم ہوتے ہیں۔
فلم میں اکشے کے ساتھ کترینہ کیف نے اداکاری کی ہے جب کہ رنویر سنگھ اور اجے دیوگن کا کردار خصوصی اور مختصر ہے۔
فلم نقاد ترن آدرش نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بتایا کہ 'سوریاونشی' نے اکشے کی کرونا سے قبل ریلیز ہونے والی فلموں 'کیسری'، 'گُڈ نیوز' اور 'ہاؤس فلم 4' سے زیادہ اچھا بزنس کیا ہے۔
ترن آدرش کے مطابق مذکورہ فلمیں کرونا سے پہلے ریلیز ہوئی تھیں جب سنیما گھر مکمل گنجائش کے ساتھ تھے۔
#Sooryavanshi is TRENDING BETTER than #AkshayKumar’s Hits like #Kesari, #HF4 and #GoodNewwz… These were released in *pre-#Covid* times with *100% occupancy* across #India… #Sooryavanshi is *post-#Covid* times with *50% occupancy* [#Maharashtra and few states]… Data follows… pic.twitter.com/OA4tPVSWSW
— taran adarsh (@taran_adarsh) November 7, 2021
بھارتی ریاست مہاراشٹرا سمیت متعدد ریاستوں میں سنیما گھر 50 فی صد گنجائش کے ساتھ کھلے ہیں اور اس دوران ریلیز ہونے والی فلم 'سوریاونشی' کا آغاز اچھا ہے۔
ترن آدرش نے اکشے کمار کی فلموں کے اعداد و شمار کا جائزہ پیش کیا کہ 2019 میں ریلیز ہونے والی فلم 'کیسری' نے اوپننگ ویک اینڈ پر 78.07 کروڑ بھارتی روپے کا بزنس کیا تھا جب کہ فلم 'ہاؤس فلم 4' اور 'گُڈ نیوز' نے بالترتیب 53.22، 65.99 کروڑ کا کاروبار کیا تھا۔
ان کے مطابق 'سوریاونشی' نے تین روز کے دوران تقریباً 80 کروڑ کی کمائی کی ہے جو بہترین ہے۔
فلم نقاد روہت جیسوال کہتے ہیں ان کے خیال میں اکشے کی فلم پہلے ہفتے میں 120 کروڑ کا کاروبار کر سکتی ہے۔
Tomorrow if #Sooryavanashi collects ₹13cr then you all can expect film to go nearby or to touch ₹200cr….Monday definitely a Big day for this film, and for the industry.Going per my calculation which is too early but still I think ₹120cr Week 1 looking possible for this film
— Rohit Jaiswal (@rohitjswl01) November 7, 2021
اب اگر بات کی جائے بھارتی ریاست تامل ناڈو کے سپر اسٹار رجنی کانت کی فلم 'اناتھے' کی، تو فلم نے ریلیز کے چار روز میں 174.73 کروڑ بھارتی روپے کا کاروبار کیا ہے۔
ٹریڈ تجزیہ کار منوبالہ وجایا بالن کے مطابق فلم 'اناتھے' نے ریلیز کے پہلے روز 70.19 کروڑ، دوسرے روز 42.63، تیسرے روز 33.71 جب کہ چوتھے روز 28.20 کروڑ بھارتی روپے کمائے ہیں۔ جو مجموعی 174.73 کروڑ بنتے ہیں۔
#Annaatthe WW Box Office - PHENOMENAL Day 1 - ₹ 70.19 crDay 2 - ₹ 42.63 crDay 3 - ₹ 33.71 crDay 4 - ₹ 28.20 crTotal - ₹ 174.73 cr#Rajinikanth #KeerthySuresh #Nayanthara
— Manobala Vijayabalan (@ManobalaV) November 8, 2021
رجنی کانت کی فلم چار نومبر کو سنیما گھروں کی زینت بنی تھی۔
ایکشن تامل فلم 'اناتھے' کے معنی بڑے بھائی کے ہیں جس کی کہانی بھائی اور بہن کے رشتے کے گرد گھومتی ہے۔ فلم میں رجنی کانت کے ساتھ اداکارہ کیرتی سُریش نے اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔