رنگ ونور، جذبات کے مد و جزر اور خوبصورت و دلکش چہروں سے سجی آسکر ایوارڈز کی شام حسب معمول کسی کی جھولی میں خوشیاں تو کسی کے دامن میں اداسیاں ڈال گئی۔
اتوار کی شب روشنیوں کے شہر لاس اینجلس کے ڈولبی تھیٹرز میں سجی اکیڈمی ایوارڈز یعنی 'آسکرز' کی شاندار اور مدتوں یاد رہ جانے والی تقریب میں ہالی وڈ کے نسبتاً کم معروف آرٹسٹوں سے لیکر ’اے لسٹ‘ اداکاروں کی شرکت نے چار چاند لگا دیے۔
اس بار تین فلموں کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع تھا لیکن بازی ماری ”برڈ مین“ نے۔ بہترین فلم۔۔ بہترین ڈائریکٹر۔۔ بہترین سینما آٹوگرافی۔۔ اوربہترین اوریجنل اسکرین پلے کے چاروں ایوارڈز ”برڈ مین“ نے اپنے نام کیے۔
بہترین اداکار کا ایوارڈ اداکار ایڈی ریڈمائن فلم ”تھیوری آف ایوری تھنگ“ میں عمدہ اداکاری پر لے اڑے جبکہ ’’اسٹل ایلس“ میں اپنے کردار میں حقیقت کا رنگ بھرنے پر اداکارہ جولیئن مورے سال کی بہترین اداکارہ قرار پائیں۔
بہترین معاون اداکارہ کاایوارڈ فلم ’بوائے ہڈ‘ کے لیے اداکارہ پیٹریشیا آرکیٹ کو دیا گیا اوربہترین معاون اداکار کا آسکر ’وہیپ لیش‘ کے لئے اداکار جے کے سیمنز نے حاصل کیا۔
فلم ’گرینڈ بڈاپسٹ ہوٹل‘ بھی ایوارڈز جیتنے میں آگے آگے رہی اور بہترین اوریجنل اسکور، کاسٹیوم ڈیزائن، میک اپ اور ہیئر اسٹائل و بہترین پروڈکشن ڈیرائن کی کیٹگریز میں آسکر حاصل کیے۔
امریکی رہنما مارٹر لوتھر کنگ کی زندگی پر بننے والی فلم ’سیلما‘ کا گانا ’گلوری‘ سال کا بہترین گانا قرار پایا۔
بہترین ڈاکیومنٹری فلم کا آسکر ایوارڈ انٹیلی جنس لیک پر بنی 'سٹیزن فور‘ کو ملا جبکہ بہترین غیر ملکی فلم کا ایوارڈ جیتا پولینڈ کی فلم ’ادا‘ نے۔
فلم ’بگ ہیرو 6‘ کو بہترین اینی میٹیڈ فلم کا آسکر ایوارڈ دیا گیا۔
بہترین ایڈاپٹڈ اسکرین پلے کا آسکر حصے میں آیا ”دی ایمیٹیشن گیم“ کے۔۔ جبکہ ایڈیٹنگ کا ایوارڈ عراق جنگ پر بنی ’’امریکن اسنائپر“ کو دیا گیا۔
آسکرایوارڈز کی حسین شام کی میزبانی کے فرائض انجام دیے نیل پیٹرک ہیرس نے۔ جان لیجنڈ اور کامن نے آسکر ایوارڈ جیتنے والا اپنا گانا ’گلوری‘ پیش کر کے تقریب میں سماں باندھا۔
لیڈی گاگا نے ’دی ساوٴنڈ آف میوزک‘ کچھ اس انداز میں پیش کیا کہ بہت سی آنکھیں نم ہوگئیں اور بہت سے لوگوں نے اسے لیڈی گاگا کی زندگی کی بہترین پرفارمنس قرار دے ڈالا۔
جینیفر لوپز اور جینفر ہڈسن نے بھی اپنی آواز کا جادو جگا کر داد سمیٹی۔