امریکی نائب صدر جو بائیڈن کا کہنا ہے کہ افغانستان میں امریکی فوجیوں کی تعداد میں اضافہ کے نتیجے میں وہاں موجود اتحادی افواج القائدہ کے خلاف خاطر خواہ کامیابیاں حاصل کررہی ہیں۔
پیر کے روزامریکی شہر انڈیانا پولس میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بائیڈن کا کہنا تھا کہ اتحادی افواج کو افغانستان میں طالبان کی پیش قدمی اور وہاں القائدہ کو دستیاب خفیہ پناہ گاہوں جیسے خطرات کا ہر صورت سدباب کرنا ہوگا۔ امریکی نائب صدر نے افغانستان میں حالیہ دنوں میں شدت پکڑتی لڑائی کو "محض آغاز" قرار دیتے ہوئے حاضرین کو یقین دلایا کہ ان کی حکومت اس سال دسمبر میں ایک بار پھر افغانستان کی صورتحال کا ازسرِ نو جائزہ لے گی۔
دریں اثناء طالبان کے خلاف لڑائی میں مصروف اتحادی افواج کی جانب سے پیر کے روز جاری ہونے والے ایک اعلامیہ میں افغانستان کے مختلف علاقوں میں پیش آنے والے پرتشدد واقعات میں مزید چار ایساف فوجیوں کی ہلاکت کا اعتراف کیا گیا ہے۔ ہلاک شدگا ن میں فرانس کے دو، اور ہنگری اور امریکہ کا ایک ایک فوجی شامل ہیں۔