قطر: فٹبال ورلڈ کپ کے دوران شراب کی فروخت پر پابندی عائد

قطر میں فٹ بال کے ورلڈ کپ مقابلے اتوار سے شروع ہورہے ہیں۔

فٹ بال کی عالمی فیڈریشن فیفا اور قطر کی حکومت نے عالمی کپ کے دوران شراب، بیئر اور الکحل والے مشروبات کی فروخت پر پابندی عائد کر دی ہے۔

جمعے کو جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ فیفا نے عالمی کپ کے میزبان قطر کے ساتھ ہونے والی بات چیت کے بعد یہ فیصلہ کیا ہے کہ ٹورنامنٹ کے دوران اس کے لیے بنائے گئے آٹھ اسٹیڈیمز میں بیئر اور الکحل فروخت نہیں کی جائے گی۔قطر ایک اسلامی ملک ہے جہاں الکحل کے استعمال پر کڑی پابندیاں ہیں۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ورلڈ کپ کے افتتاح سے دو روز قبل سامنے آنے والا یہ اچانک فیصلہ حیران کُن ہے۔

فیفا نے اپنے بیان میں کہا ہےکہ الکحل کی اس پابندی کا اطلاق فین زونز پر ہوگا جس کے بعد ورلڈ کپ کے دوران اسٹیڈیمز کی حدود میں بھی الکحل یا بیئر کی فروخت کی اجازت نہیں ہوگی اور ایسے اسٹالز بھی ہٹا دیے جائیں گے۔

SEE ALSO: قطر فیفا ورلڈ کپ کی تیاری میں ہزاروں اموات، حقیقت کیا ہے؟

واضح رہے کہ اتوار کو ٹورنامنٹ کے آغاز سے قبل میدانوں کے باہر درجنوں بیئر ٹینٹ لگا دیے گئے تھے۔

قطر میں ہونے والا فٹ بال کا عالمی کپ 29 دن تک جاری رہے گا جس میں قطر کی حکومت کے اندازوں کے مطابق دس لاکھ شائقین شرکت کے لیے آئیں گے۔

بیئر تیار کرنے والی اے بی انبیو طویل عرصے سے فٹ بال کے عالمی کپ اور فیفا کی اسپانسر رہی ہے۔ ٹورنامنٹ میں بیئر کی فروخت پر پابندی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ انتظامیہ اس فیصلے کو سمجھنے پر اے بی انبیو کو سراہتی ہے۔

ٹورنامنٹ کے دوران اسٹیڈیمز کے وی آئی پی سوٹس میں بھی بیئر دستیاب نہیں ہوگی۔ اس کے علاوہ دوحہ میں فیفا کے فین زونز، بعض نجی فین زونز اور 35 ہوٹلز اور ریستورانوں میں بھی بیئر کی فروخت پر پابندی ہوگی۔

اس خبر میں شامل معلومات خبر رساں اداروں ’اے پی‘ اور ’رائٹرز‘ سے لی گئی ہیں۔