قلات: بم دھماکے میں ایک اہلکار ہلاک

فائل فوٹو

بلوچستان کے ضلع قلات میں بدھ کو ہونے والے ایک بم دھماکے میں فرنٹیئر کور کا ایک اہلکار ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا۔

حکام نے بتایا ہے کہ نیم فوجی دستے فرنٹیئر کور ’ایف سی‘ کی گاڑیاں قلات سے نواحی علاقے یالو میں واقع اپنے کیمپ جا رہی تھیں کہ سڑک کنارے نصب ریمورٹ کنٹرول بم سے انھیں نشانہ بنایا گیا۔

دھماکے سے دو گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

ایک روز قبل صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں بھی ایف سی کے قافلے پر بم حملہ کیا گیا جس میں تین افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

فوری طور پر اس واقعے کی ذمہ داری کسی فرد یا تنظیم نے قبول نہیں کی ہے تاہم حکام صوبے میں ہونے والی پرتشدد کارروائیوں کا الزام علیحدگی پسند گروہوں پر عائد کرتے ہیں۔