بلوچستان میں القاعدہ کا مقامی کمانڈر ’ہلاک‘: صوبائی حکومت

صوبائی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کوئٹہ میں نیوز کانفرنس میں بتایا کہ عمر لطیف بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں القاعدہ کی کارروائیوں کا سرغنا تھا۔

پاکستان کے جنوب مغربی صوبہ بلوچستان میں حکام نے القاعدہ کے ایک مقامی کمانڈر عمر لطیف عرف لقمان کو ہلاک کرنے کا دعویٰ ہے۔

صوبائی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کوئٹہ میں نیوز کانفرنس میں بتایا کہ عمر لطیف بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں القاعدہ کی کارروائیوں کا سرغنا تھا۔

اُن کا کہنا تھا کہ عمر لطیف کے بارے میں خفیہ معلومات کی بنا پر بلوچستان کے سرحدی علاقے میں ایک گھر پر چھاپہ مارا گیا جہاں اُس نے اپنی بیوی اور دو بچوں کو ڈھال کے طور پر استعمال کیا۔

لیکن سکیورٹی فورسز سے مقابلے میں شدت پسند کمانڈر مارا گیا۔

سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ عمر لطیف کی بیوی کو بھی گرفتار کیا گیا جس کے بارے میں بتایا گیا کہ وہ بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں القاعدہ کی خواتین ونگ کی سربراہ ہے۔

اُنھوں نے کہا کہ عمر لطیف کی بیوی طیبہ عرف فریحہ باجی اغواء برائے تاوان کے کئی اہم واقعات کی جاسوسی میں ملوث رہی۔

پاکستان بھر میں دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائی جاری ہے اور حالیہ مہینوں میں کئی اہم شدت پسندوں کو ہلاک یا گرفتار کیا جا چکا ہے۔