باجوڑ خودکش حملے میں دو سکیورٹی اہلکاروں سمیت 12ہلاک

فائل فوٹو

قبائلی علاقے باجوڑ ایجنسی کے صدر مقام خار میں ہفتے کے روز ایک بازار میں ہونے والے خودکش حملے کا ہدف سکیورٹی فورسز کی ایک چوکی تھی۔ مقامی حکام کے مطابق لیویز کی ایک چوکی پر تعینات اہلکاروں نے جب حملہ آور کو چوکی میں داخل ہونے سے روکا تو اس نے خود کو جسم سے بندھے بارودی مواد کو دھماکے سے اڑا دیا۔

دھماکے کے نتیجے میں دو سکیورٹی اہلکاروں سمیت 12 افراد ہلاک اور دو درجن سے زائد زخمی ہوگئے ۔ پانچ شدید زخمیوں کو پشاورمنتقل کردیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ افغان سرحد سے ملحقہ قبائلی علاقے باجوڑ میں گزشتہ سال سکیورٹی فورسز نے عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائی کی تھی مگر اس کے بعد ابھی تک دہشت گردی کے واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں۔

گزشتہ دنوں اسی علاقے میں عسکریت پسندوں نے حکومت کے وفادار متعدد قبائلی سرداروں کو گولی مار کر اور سڑک میں بم نصب کرکے ہلاک کیا ہے۔