بافٹا ایوارڈز: '1917' بہترین فلم سمیت 7 ایوارڈز حاصل کرنے میں کامیاب

بہترین فلم کا ایوارڈ پانے والی '1917' کی ٹیم کا بافٹا کی تقریب کے بعد گروپ فوٹو

اس سال کا 'بافٹا' ایوارڈز کا میلہ فلم '1917' نے بہترین فلم اور بہترین ڈائریکٹر سمیت سات ایوارڈز جیت کر اپنے نام کرلیا ہے۔

'بافٹا' ایوارڈز کی رنگ و نور میں ڈوبی تقریب اتوار اور پیر کی درمیانی شب لندن میں منعقد ہوئی۔ یہ ایوارڈز برطانیہ کی اکیڈمی آف فلم اینڈ ٹیلیویژن آرٹس دیتی ہے۔

پہلی جنگ عظیم کے پسِ منظر میں بننے والی فلم '1917' بہترین فلم اور اس کے ڈائریکٹر سام مینڈس بہترین ہدایت کار قرار پائے۔

'1917' نے غیر معمولی برطانوی فلم، بہترین ساؤنڈ، بہترین ڈیزائن، بہترین سنیماٹوگرافی اور اسپشل ویژول افکیٹس کی کیٹیگریز کے ایوارڈز بھی اپنے نام کیے۔

ڈائریکٹر مارٹن اسکورسیسی کی فلم 'دی آئرش مین' 10 کیٹیگریز میں نامزدگیاں حاصل کرنے کے باوجود کوئی ایوارڈ نہیں جیت سکی۔ طلاق سے متعلق ڈرامہ فلم 'میریج اسٹوری' بھی 10 میں سے صرف ایک کیٹیگری میں ایوارڈ حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔

جیکوئن فینکس: بہترین اداکار قرار پائے

بہترین اداکار کا ایوارڈ فلم 'جوکر' پر واکین فینکس کو دیا گیا جب کہ رینے زلویگر فلم 'جوڈی' کے لیے بہترین اداکارہ کا ایوارڈ حاصل کرنے میں کامیاب رہیں۔

طلاق ڈرامہ 'میریج اسٹوری' کے لیے لارا ڈرن کو بہترین معاون اداکارہ اور بریڈ پٹ کو 'ونس اپون اے ٹائم ان ہالی وڈ' کے لیے بہترین معاون اداکار کا ایوارڈ دیا گیا۔

'ونس اپون اے ٹائم ان ہالی وڈ' کو بھی 10 نامزدگیاں حاصل ہوئیں تھیں لیکن وہ معاون اداکار کے علاوہ کوئی اور ایوارڈ اپنے نام نہیں کرسکی۔

لارا ڈرن : بہترین معاون اداکارہ قرار پائیں

بہترین ابھرتے ہوئے اداکار کا ایوارڈ مائیکل وارڈ کو دیا گیا۔

فلم 'پیراسائٹ' کو بہترین غیر ملکی زبان کی فلم کا ایوارڈ ملا۔ اس فلم کا تعلق جنوبی کوریا سے ہے۔

ایوارڈز کے لیے نامزد ہونے والے افراد میں سفید فاموں کی اکثریت اور کسی خاتون ڈائریکٹر کو نامزد نہ کرنے پر اس سال بافٹا ایوارڈز کو تنقید کا سامنا بھی رہا جب کہ یہ تنازع اتوار کو تقریب کے دوران بھی بار بار سر اٹھاتا رہا۔

بافٹا کی سربراہ آمینڈا بیری کا کہنا ہے کہ تنوع کی کمی کی وجہ سے وہ بہت مایوس تھیں۔