آسٹریلین اوپن: اعصام دوسرے راؤنڈ میں

آسٹریلین اوپن: اعصام دوسرے راؤنڈ میں

پاکستانی ٹینس اسٹار اعصام الحق اور ان کے نئے ڈچ پارٹنر جین جولین راجر 'آسٹریلین اوپن' کے مینز ڈبلز مقابلوں کے دوسرے مرحلے میں پہنچ گئے ہیں۔

بدھ کو میلبرن میں جاری سال کے پہلے گرینڈ سلیم ایونٹ میں مردوں کے ڈبلز مقابلوں میں اعصام اور راجر کا سامنا کروشیا کے ایوان جوبکک اور جرمنی کے مرسل اسٹیب سے تھا جنہیں انہوں نے اسٹریٹ سیٹس سے شکست دی۔

ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہنے والے میچ میں پاک-ڈچ جوڑی نے اپنے حریفوں کو 3-6 اور 6-7 سے ہرا کر دوسرے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

دوسرے راؤنڈ میں اعصام اورراجر کا مقابلہ جرمنی کے فلپ مارکس اور کینیڈ کے عدیل شمس الدین سے ہوگا۔

دریں اثنا، اعصام کے سابق بھارتی پارٹنر روہن بوپنا اور ان کے نئے ساتھی مہیش بھوپاتھی بھی 'آسٹریلین اوپن'کے دوسرے راؤنڈ میں پہنچ گئے ہیں۔

روہن اور ان کے ساتھی نے مینز ڈبلز کے پہلے مرحلے کے میچ میں کرس گوچیون اور میتھیو ایبڈن پر مشتمل اپنی حریف آسٹریلوی جوڑی کو 7-5، 4-6 اور 4-6 سے شکست دی۔

یاد رہے کہ 'لندن 2012ء' کے اولمپکس میں شرکت کی غرض سے بوپنا کو اعصام کا ساتھ چھوڑ کر اپنے ہم وطن کھلاڑی کے ساتھ جوڑی بنانا پڑی ہے۔ گزشتہ برس نومبر میں علیحدگی کے بعد سے دونوں کھلاڑیوں کا یہ پہلا گرینڈ سلیم ایونٹ ہے۔