ایشز سیریز: ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں انگلینڈ کو 120 رنز سے شکست

انگلینڈ کی پوری ٹیم 233 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور آسٹریلیا نے ٹیسٹ 120 رنز سے اپنے نام کرلیا۔

ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں انگلش بلے بازوں کی غیرذمہ دارانہ بیٹنگ کے باعث آسٹریلیا نے انگلینڈ کو 120 رنز سے ہرادیا ہے۔

مہمان ٹیم کو جیت کے لیے 354 رنز کا ہدف ملا تھا تاہم آسٹریلوی بالرز کی نپی تلی بالنگ اور انگلش بلے بازوں کی جلد بازی کے باعث پوری ٹیم 233 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

آج آؤٹ ہونے والے چھ بلے باز اسکور میں صرف 57 رنز کا اضافہ کرسکے۔ جو روٹ 67 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

بدھ کو ایڈیلیڈ ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری روز انگلینڈ نے 176 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر نامکمل اننگز شروع کی تو ہیزل ووڈ نے پہلے ہی اوور میں ووکس کو پویلین کی راہ دکھادی۔ مجموعی اسکور میں صرف ایک رن کا ہی اضافہ ہوا تھا کہ کپتان جو روٹ بھی 67 رنز کی اننگز کھیل کرآؤٹ ہوگئے۔

آسٹریلوی بالرز کی نپی تلی بولنگ کے آگے انگلش بیٹسمین بے بس نظر آئے اور ایک کے بعد ایک پویلین واپس لوٹتے رہے۔ معین علی صرف دو رنز بناکر لیون کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے تو اوورٹن صرف 7 اور براڈ 8 رنز بناسکے۔ برسٹو نے 36 رنز کی اننگز کھیلی۔

اس طرح انگلینڈ کی پوری ٹیم 233 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور آسٹریلیا نے ٹیسٹ 120 رنز سے اپنے نام کرلیا۔

مچل اسٹارک نے 5 کھلاڑیوں کا شکار کیا جبکہ ہیزل ووڈ اور لیون نے 2، 2 اور کومنز نے ایک وکٹ حاصل کی۔

شان مارش کو 126 رنز کی ناقابل شکست اننگز پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

آخری اسکور یہ رہا۔ آسٹریلیا 442 رنز آٹھ کھلاڑی آؤٹ پر اننگز ڈکلیئر اور 138 رنز۔ انگلینڈ 227 اور 233 رنز۔

ایڈیلیڈ میں فتح کے بعد پانچ میچوں کی سیریز میں آسٹریلیا کو دو، صفر کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔ برسبین میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو 10 وکٹوں سے مات دی تھی۔

تیسرا ٹیسٹ 14 دسمبر سے پرتھ میں کھیلا جائے گا۔