جلال آباد: 'مڈ وائف تربیتی مرکز' پر حملہ، دو حملہ آوروں سمیت سات ہلاک

صوبائی حکومت کے ترجمان، عطا اللہ خوشغانی نے کہا ہے کہ حملہ آوروں نے خودکش دھماکہ کیا جس دوران ایک حملہ آور ہلاک ہوا ؛ جب کہ دوسرے کو پکڑ لیا گیا، جسے بعد میں ہلاک کیا گیا۔

مسلح افراد نے ہفتے کے روز جلال آباد کے مشرقی افغان شہر میں دائیوں کے تربیتی مرکز پر دھاوا بول دیا، اور کئی گھنٹوں تک سکیورٹی افواج سے فائرنگ جاری رکھی جس دوران عملے سے تعلق رکھنے والے تین اہلکار ہلاک ہوئے۔

صوبائی حکومت کے ترجمان، عطا اللہ خوشغانی نے کہا ہے کہ حملہ آوروں نے خودکش دھماکہ کیا جس دوران ایک حملہ آور ہلاک ہوا ؛ جب کہ دوسرے کو پکڑ لیا گیا، جسے بعد میں ہلاک کیا گیا۔

ایک ڈرائیور اور دو سکیورٹی گارڈ ہلاک ہوئے جب کہ سات افراد زخمی ہوئے۔

تاہم، دیگر 63 افراد، جو تقریباً تمام ہی خواتین تھیں، اُنھیں احاطے سے بچا لیا گیا ہے، جہاں ایک تربیتی مرکز اور طالبات کی رہائش گاہ واقع ہے۔

دِن بھر وقفے وقفے سے گولیاں چلنے کی آوازیں سنائی دیتی رہیں اور علاقے سے سیاہ دھویں کے بادل اٹھتے رہے۔

فوری طور پر کسی نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

تاہم، حالیہ دِنوں ہونے والے دھماکوں کی داعش ذمے داری قبول کرتی رہی ہے، جس کا ننگرہار کے قریبی صوبے میں مضبوط ٹھکانہ ہے، جس علاقے کی سرحد پاکستان سے ملتی ہے۔

یہ واضح نہیں آیا حملہ آوروں نے تنصیب پر حملہ کیوں کیا، جہاں زیادہ تر نورستان کے مشرقی صوبے سے تعلق رکھنے والی دائیاں تربیت حاصل کر رہی ہیں۔