گزشتہ تقریباً سولہ سترہ سال سے امریکی محکمہ خارجہ اور واشنگٹن ڈی سی میں قائم فلاحی اداروں کے ایک بین الاقوامی نیٹ ورک، اٹلس کور کے تعاون سے ہر سال دنیا بھر میں فلاحی شعبے میں دو سال تک کا تجربہ رکھنے والے، گریجوایٹ لیول کے 35سال تک کی عمر کے لگ بھگ 70 ماہرین کو ایک تربیتی پروگرام اٹلس کور فیلو شپ کے تحت یہاں امریکہ آنے اور6 سے 18 ماہ تک کسی میزبان فلاحی ادارے میں کام کرنے کا موقع فراہم کیا جاتا ہے اور انہیں ایک ایسا پلیٹ فارم مہیا کیا جاتا ہے جہاں دنیا بھر کے سماجی ماہرین جدید دنیا کے مسائل کو سمجھ سکیں اور اکیسویں صدی کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہو کر ان مسائل کو مل کر حل کرنے کی کوئی راہ نکال سکیں ۔
اس فیلو شپ کے تحت دنیا بھر کے مختلف ملکوں کے ساتھ ساتھ پاکستان سے بھی فلاحی شعبے کے ماہرین امریکی میزبان اداروں کے ساتھ کام کرنے کا موقع حاصل کرتے ہیں ۔ اس سال امریکہ آنے والے ایک گروپ کے دو اٹلس کور فیلوز ، معصومہ حیدر اور محمد اکرم نے پروگرام ہر دم رواں ہے زندگی میں اس فیلو شپ اور امریکہ میں اپنے تجربات کے بارے میں گفتگو کی۔
واشنگٹن ڈی سی میں قائم امریکن ریڈ کراس کے گلوبل ڈیزاسٹر پریپئیرڈ نیس سنٹر کے ساتھ ایک سال تک وابستہ رہنے کے بعد عنقریب پاکستان واپس جانے والی کراچی پاکستان کی معصومہ حیدر نے کہا کہ یہ پروگرام ایک اعتبار سے مہارتوں کے ایکس چینج کا پروگرام بھی ہے جس کے تحت دنیا بھر کے مختلف ملکوں سے آنے والے ماہرین امریکی فلاحی اداروں کے ساتھ اپنی وابستگی کے دوران جہاں ان شعبوں میں جدید ٹکنالوجی کے استعمال اور ان کی کار کردگی بہتر بنانے کے نئے طریقے سیکھتے ہیں وہاں وہ اپنے اپنے ملکوں کے انسانی ہمدردی کے مسائل اور ان مسائل کے حل کے لیے ان کی کوششوں اور اپنے ملکوں میں فلاحی شعبوں کے کام کرنے کے انداز کے بارے میں بھی ایک دوسرے کو معلومات فراہم کرتے ہیں۔
واشنگٹن ڈی سی میں قائم ایک فلاحی تھنک ٹینک ریلیجس فریڈم کے ساتھ وابستہ محمد اکرم کا کہنا تھا کہ اس پروگرام کا اصل مقصد یہ ہے کہ دنیا بھر کے اہم سماجی مسائل کے حل کے لیے سماجی بھلائی کے شعبوں میں کام کرنے والے ماہرین اور اداروں کو مستحکم کیا جائے اور ان شعبوں میں جدید ٹکنالوجی کے استعمال اور اختراعات کو فروغ دیا جائے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اٹلس کور دنیا بھر کے سماجی ماہرین کو ایک ایسا پلیٹ فارم مہیا کرتا ہے جہاں وہ ایک دوسرے کے ملکوں میں پیش آنے والے مسائل اور ان کے حل کے لیے استعمال ہونے والے اختراعی طریقوٕ ں کے بارے میں معلومات حاصل کرتے ہیں اور اپنے ملک واپس جا کر انہیں اپنے ملکی حالات کے تحت استعمال کرنے کی کوشش کرتے ہیں ۔
اٹلس کور نیٹ ورک پاکستان اور دنیا بھر میں مختلف شعبوں کے ماہرین کو اپنے ساتھ منسلک کر کے پاکستان اور دنیا بھر میں غربت کے خاتمے ، صحت ، تعلیم ، قانونی ، انسانی حقوق اور خواتین کو سماجی اور اقتصادی طور پر مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔ ہر سال دنیا بھر سے امریکہ آنے والے یہ ماہرین اپنے تربیتی کورس کے بعد اپنے وطن واپس جا کر اپنے علاقوں کے لوگوں کی زندگی میں تبدیلی لانے کا ایک موثر ذریعہ بن رہے ہیں۔
مزید تفصیلات کے لیے اس آڈیو کو کلک کریں
Your browser doesn’t support HTML5