کارلوس بریتھ ویٹ کے بعد آصف علی 'ریمیمبر دا نیم'

اٹھارہویں اوور کی پانچویں گیند پر شعیب ملک جب وکٹوں کے پیچھے آؤٹ ہوئے تو افغانستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچ دیکھنے والے پاکستانی شائقین کے چہروں پر مایوسی عیاں تھی۔

جمعے کو دبئی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان، افغانستان کی جانب سے دیے گئے 148 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ڈگمگا رہا تھا۔ شعیب ملک سے قبل کپتان بابر اعظم بھی راشد خان کی گگلی کا نشانہ بن کر کلین بولڈ ہو چکے تھے۔

ایسے میں اٹھارہویں اوور کی آخری گیند پر شاداب خان ایک مشکل سنگل لینا چاہا، لیکن دوسری جانب کریز پر موجود آصف علی نے اُنہیں روک دیا۔ شاداب خان رن آؤٹ ہونے سے بال بال بچے اور یوں آخری دو اوور میں پاکستان کو 24 رنز درکار تھے اور بظاہر میچ افغانستان کی جھولی میں جاتا دکھائی دے رہا تھا۔

لیکن 19 ویں اوور میں پاکستان کے پاور ہٹر آصف علی کے افغان بولر کریم جنت کو لگائے گئے چار چھکوں نے جہاں پاکستان کی کشتی پار لگائی، وہیں شاداب کو سنگل سے روکنے کی وجہ بھی عیاں ہو گئی۔

مسلسل دوسرے میچ میں پاکستان کو مشکل صورتِ حال سے نکال کر میچ جتوانے والے آصف علی کا شمار اُن کھلاڑیوں میں ہوتا ہے جن کی اس میگا ایونٹ میں سلیکشن سے قبل کئی سوالات اُٹھائے گئے تھے۔

لیکن اب وہ پاکستان میں کرکٹ فینز کے ہیرو بن چکے ہیں۔

جمعے کو پاکستان کی کامیابی کے بعد ایک بار پھر آصف علی سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈ بنے ہوئے ہیں جہاں پاکستانی شائقین اُن کی تعریفوں کے پل باندھنے میں مصروف ہیں تو بعض ماضی میں اُن کے خلاف بات کرنے پر پشیمان نظر آتے ہیں۔

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجہ نے بھی اپنی ٹوئٹ میں آصف علی کی شان دار بیٹنگ کو سراہتے ہوئے کہا کہ مشکل صورتِ حال اور دباؤ میں جس طرح آصف علی نے بیٹنگ کی وہ قابلِ تحسین ہے۔

بھارتی کمنٹیٹر ہارشا بھوگلے نے ٹوئٹ کی کہ وہ آصف علی کو ایک پاوور ہٹر کے طور پر جانتے ہیں، لیکن اُنہوں نے جس طرح کی شاٹس کھیلیں وہ ناقابلِ یقین تھیں۔

ایاز اسلم نامی صارف لکھتے ہیں کہ یہ بابر اعظم ہی تھے جن کے اصرار پر آصف علی کو ٹیم میں شامل کیا گیا اور اُنہوں نے اپنی سلیکشن کو درست ثابت کیا۔

آصف علی کے چار بلند و بالا چھکوں کا موازنہ شائقین ویسٹ انڈین کھلاڑی کارلوس بریتھ ویٹ کے اُن چار چھکوں سے کر رہے ہیں جو اُنہوں نے 2016 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ فائنل میں انگلش بولر بین اسٹوکس کو لگا کر ویسٹ انڈیز کو چیمپئن بنوایا تھا۔

اس موقع پر ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھنے والے کمنٹیٹر این بشپ نے کہا تھا کہ 'کارلوس بریتھ ویٹ ریمیمبر دا نیم۔'

محمد احمد نامی صارف نے ٹوئٹ کی کہ افغانستان کے فینز کے لیے 'آصف علی ریمیمبر دا نیم'

خانم نامی صارف نے آصف علی کی ایک تصویر شیئر کی جس میں وہ اپنے بلے کے ساتھ ٹیم ڈگ آؤٹ کی جانب اشارہ کر رہے ہیں۔

ایک صارف نے لکھا ہے کہ کل صبح سات بجے پوری قوم آصف علی اور حارث رؤف سے اجتماعی معافی مانگے۔