سٹیو جابز کی آخری رسومات میں خاندان اور دوستوں کی شرکت

سٹیو جابز کی آخری رسومات میں خاندان اور دوستوں کی شرکت

جابز کی آخری رسومات کو صرف خاندان کے افراد اور دوستوں تک ہی محدود رکھا گیا اور تدفین کے وقت اور مقام کے بارے میں بھی نہیں بتایا گیا۔

وال سٹریٹ جنرل میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جمعے کے روز اپیل کمپنی کے سابق سربراہ اور جدید کمپیوٹر ٹیکنالوجی کے بانی سٹیو جابز کی آخری رسومات ادا کی گئیں۔ جس میں ان کے خاندان کے افراد اور دوست شریک ہوئے۔

اخبار نے لکھا ہے کہ اسے یہ خبر ایک نامعلوم ذریعے سے حاصل ہوئی۔ اخبار کے مطابق اطلاع دینے والے نے جابز کے ا حترام اور ان کے خاندان کے نجی معاملات کو پوشیدہ رکھنے کے لیے تدفین کے مقام اور وقت کے بارے میں بتانے سے گریز کیا۔

اپیل کمپنی نے ، جس کی بنیاد سٹیوجابز نے رکھی تھی، کہا ہے کہ جابز کے لیے، جن کا انتقال بدھ کے روز ہوا تھا، کوئی عوامی دعائیہ تقریب نہیں ہوگی۔

جابز طویل عرصے سے کینسر کے مرض میں مبتلا تھے اوریہی مرض ان کی موت کا سبب بنا۔

اپیل کمپنی کے ملازمین ، جیسا کہ کمپنی کے موجودہ سربرہ ٹم کک نے کہاہے کہ سٹیو جابز کی غیر معمولی زندگی پر ایک بڑی تقریب کی توقع کررہے ہیں۔