بھارتی کشمیر میں مظاہرین پر فوج کی فائرنگ، ایک ہلاک

فائل

ہڑتال کے موقع پر انتظامیہ کی جانب سے سرینگر کی تاریخی جامع مسجد میں نمازِ جمعہ ادا کرنے کی اجازت بھی نہیں دی گئی۔

بھارتی فوج نے جمعے کو نئی دہلی کے زیرِ انتظام کشمیر کے وسطی ضلع بڈگام کے بیرو قصبے میں مسلمان مظاہرین پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک نوجوان ہلاک اور ایک شدید زخمی ہوگیا۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ فوج نے علاقے میں پیدل گشت کے دوران بعض افراد سے بدسلوکی کی اور انہیں مارا پیٹا۔

مکینوں نے فوج کے اس رویے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا جس کے دوران چند نوجوان مشتعل ہوگئے اور انہوں نے فوجیوں پر پتھر پھینکے۔

فوج نے ردِعمل میں گولی چلادی جس سے دو نوجوان زخمی ہوگئے۔

زخمیوں میں سے ایک تنویر احمد پالا نامی نوجوان اسپتال منتقل کرنے سے قبل ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ گولی تنویر کے سر میں لگی تھی۔

تاہم سرینگر پولیس کے ایک بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ "شرپسند عناصر" نے فوج پر پتھراؤ کے دوران ایک پٹاخہ بھی پھینکا تھا۔

بیان کے مطابق دھماکے کی آواز سن کر فوجیوں کو لگا کہ اُن پر دستی بم پھینکا گیا ہے جس پر انہوں نے جواباً گولی چلادی۔

جمعے کو وادئ کشمیر میں عام ہڑتال کی وجہ سے کاروبارِ زندگی مفلوج رہا۔

ہڑتال کی اپیل استصوابِ رائے کا مطالبہ کرنے والے قائدین کے ایک اتحاد نے بڑھتی ہوئی شہری ہلاکتوں اور بھارتی فوجی دستوں کے ہاتھوں انسانی حقوق کی مبینہ پامالیوں بالخصوں نوجوانوں کو تشدد کا نشانہ بنانے کے خلاف کی تھی۔

ہڑتال کے موقع پر مسلم اکثریتی وادی میں بازار، بینک اور دوسرے کاروباری ادارے، اسکول اور کالج بند ہیں جبکہ سڑکوں پر محدود پیمانے پر ٹرانسپورٹ سروسز اور نجی گاڑیاں چل رہی ہیں۔

ریل سروسز کو حکام نے حفظِ ما تقدم کے طور پر بند کردیا ہے۔ دارالحکومت سرینگر میں آٹھ پولیس تھانوں کے تحت آنے والے علاقوں میں کرفیو جیسی پابندیاں نافذ ہیں جبکہ استصوابِ رائے کا مطالبہ کرنے والے رہنماؤں اور سرکردہ کارکنوں کو ایک مرتبہ پھر ان کے گھروں میں نظر بند کردیا گیا ہے یا پھر پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا ہے۔

ہڑتال کے موقع پر انتظامیہ کی جانب سے سرینگر کی تاریخی جامع مسجد میں نمازِ جمعہ ادا کرنے کی اجازت بھی نہیں دی گئی۔

سرینگرہی کے گپکار علاقے میں واقع اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین برائے بھارت و پاکستان کے گرمائی صدر دفاتر کے ارد گرد بھارتی فوجی دستوں نے اپنا گھیرا سخت کردیا ہے۔

استصوابِ رائے کا مطالبہ کرنے والے سیاسی قائدین کے اتحاد نے لوگوں سے فوجی مبصرین کے دفتر تک مارچ کرکے کشمیر میں رائے شماری کا مطالبہ دہرانے اور انسانی حقوق کی مبینہ پامالیوں کے خلاف احتجاج کرنے کے کی بھی اپیل کی تھی۔

اتحاد میں شامل جموں و کشمیر لِبریشن فرنٹ کے سربراہ محمد یاسین ملک نے جو گرفتاری سے بچنے کے لیے جمعرات کو روپوش ہوگئے تھے، جب ایک قریبی بستی کی مسجد میں نمازِ جمعہ ادا کرنے کے بعد فوجی مبصرین کے دفتر کی طرف پیش قدمی شروع کی تو پولیس نے انہیں حراست میں لے لیا۔

اتحاد نے اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیخش کو ایک یادداشت روانہ کی ہے جس میں اُن سے اتحاد کے بقول کشمیری نوجوانوں کی نسل کُشی روکنے اور کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلانے کے لیے اپنا ادا کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔