جمعے کا دن نئی بھارتی فلموں کی ریلیز کے لئے مختص ہوتا ہے مگر اس بار کوئی بڑی فلم جمعے کو ریلیز نہیں ہوگی۔ جمعے کو بابری مسجد کے اٹھارہ سال پرانے مقدمے کا فیصلہ ہونے جارہا ہے جس کی وجہ سے بھارت میں انجانا سا خوف چھایا ہوا ہے ۔ یہ مقدمہ بھارت کے دو بڑے مذاہب کے ماننے والوں میں تنازع کا سبب ہے ۔ عام رائے یہ ہے کہ کہیں مقدمے سے دونوں مذاہب کے ماننے والوں میں ردعمل کے طور پر فسادات نہ پھوٹ پڑیں، اس خدشے کے تحت اس جمعے کو تمام بڑی اور نئی فلموں کی نمائش روک دی گئی ہے۔
اس جمعے کوبڑی کاسٹ کی فلم انجانہ انجانی ریلیز ہونا تھی جس کے پروڈیوسر ساجد نڈیاڈوالا ہیں۔ انجانہ انجانی کی کاسٹ میں رنبیر کپور اور پریانکا چوپڑا شامل ہیں۔اب یہ فلم یکم اکتوبر کو ریلیز ہوگی۔
ذرائع کے مطابق آسٹریلیا، امریکا اور برطانیہ میں نمائش کے لئے اس فلم کے پرنٹ پہلے ہی بھیجے جاچکے ہیں مگر اب وہاں بھی یہ ایک ہفتے کی تاخیر سے ریلیز ہو گی۔ ا س طرح پچھلے ہفتے ریلیز ہونے والی فلم ارباز خان اور سلمان خان کی فلم "دبنگ" کو دیگر فلموں پر حکمرانی کا ایک اور ہفتہ مل گیا ہے۔
واضح رہے کہ رجنی کانت اور ایشوریہ رائے کی نئی فلم "روبوٹ" اور ایک مذاحیہ فلم" کھچڑی "بھی یکم اکتوبر کو ریلیز ہوں گی۔ ان کی ریلیز کی تاریخوں کا پہلے ہی اعلان کردیا گیا تھا۔ اس طرح اب یکم اکتوبر کو بیک وقت بڑی کاسٹ کی تین فلمیں ریلیز ہوں گی۔
دوسری جانب فلم" آکروش" کو یکم اکتوبر کور ریلیز ہونا تھا تاہم اب یہ ایک ہفتے کی تاخیر سے 8 اکتوبر کوریلیز ہوگی۔"آکروش" غیرت کے نام پرہونے والے قتل کے موضوع پر بنائی گئی ہے۔
ان چاروں فلموں میں سے کون سی فلم کامیاب اور کون سے فلاپ ہوتی ہے یہ تو خیر آنے والا وقت ہی بتائے گا تاہم فلم انجانہ انجانی کے ہیرو رنبیر کپور کا کہنا ہے کہ انجانہ انجانی رومانی فلم ہے جسے بڑی حد تک پذیرائی ملے گی۔ فلم کو ناکامی سے بچانے کے لئے ایک ہفتے تاخیر کافیصلہ درست ہے۔ کیوں کہ کوئی بھی فلم اسی وقت کامیاب ہوتی ہے جب لوگ اسے پسند کریں اگر فلم دیکھنے والے ہی نا ہوں تو کامیابی کہاں سے ملے گی۔ اس لئے تاخیر کا فیصلہ درست ہے ۔ مجھے امید ہے کہ فلم کامیابی کے نئے ریکارڈ قائم کرے گی۔