ہالی وڈ کی میگا اسٹار انجلینا جولی دنیا کے جس حصے میں جائیں سیکڑوں مداح پرجوش انداز میں ان کا استقبال کرتے ہیں لیکن انجلینا جولی کو جو استقبال اور پذیرائی پناہ گزینوں کے کیمپوں میں جاکر ملتی ہے وہ ان کے لiے غیر معمولی خوشی کا باعث بنتی ہے۔
اقوام متحدہ کی خصوصی سفیر برائے مہاجرین انجلینا جولی نے حال ہی میں یونان کے دارالحکومت ایتھینز کی بندرگاہ پرقائم پناہ گزینوں اور تارکین وطن کے عارضی کیمپوں کا دورہ کیا جہاں چار ہزار تارکین وطن موجود ہیں۔
انجلینا جولی کی آمد پر کیمپ میں موجود سیکڑوں پناہ گزینوں نے تالیاں بجاکر والہانہ خیرمقدم کیا۔ بچے، خواتین اور نوجوان سب ہی انجلینا کی ایک جھلک دیکھنے اوران کے ساتھ تصویریں کھنچوانے کے لیے بے تاب تھے۔
انجلینا جولی نے کیمپ کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور ہاتھ ہلاکران تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا جو ان کے استقبال کو موجود تھے۔
برطانوی اخبارڈیلی میل، ٹیلی گراف اوردیگر میڈیا رپورٹس کے مطابق انجلینا جولی بچوں کے ساتھ گھل مل گئیں اوران سے باتیں کرتے ہوئے کہا کہ حالات چاہے جیسے بھی ہوں خود کو مضبوط رکھیں اوراسی طرح بہادری سے مشکلات کا سامنا کریں۔
ایک بچے سے بات کرتے ہوئے انجلینا جولی کا یہ بھی کہنا تھا کہ میں آپ سے بات کرنے آئی ہوں تاکہ حکومت، ادارے اور دیگر سب لوگ جان سکیں کہ یہاں کیا ہورہا ہے۔
انجلینا جولی اس سے قبل لبنان کی وادی بقا میں بھی پناہ گزین کیمپوں کا دورہ کرچکی ہیں۔